کے ایم سی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں باقاعدگی لانا اولین ترجیح ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1383

کے ایم سی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں باقاعدگی لانا اولین ترجیح ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کے ایم سی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں باقاعدگی لانا اولین ترجیح ہے، میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس اور چارجڈ پارکنگ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو کا بڑا ذریعہ ہیں جنہیں درست طریقے سے استعمال کرکے آمدنی بڑھائی جاسکتی ہے، کے ایم سی کے افسران اور ملازمین شہر کے مسائل کے حل کے لئے اپنی ذات سے آگے بڑھ کر سوچیں، شہر کے مسائل حل ہوں گے تو بلدیاتی ملازمین کے مسائل ازخود حل ہونا شروع ہوجائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ ورکرز فرنٹ کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس نے شاہ رخ رضوان کی سربراہی میں ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، اس موقع پر متحدہ ورکرز فرنٹ کے سینئر وائس چیئرمین محمد نوید خان اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے کہ کے ایم سی کے افسران اور ملازمین شہریوں کو درپیش مسائل کے جلد حل پر بھرپور توجہ مرکوز کرے اور جس قدر جلد ممکن ہو ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے، شہر میں بلدیاتی امور بہتر طریقے سے انجام دیئے جائیں گے تو شہریوں کو خود یہ اندازہ ہوگا کہ یہ ادارہ شہر کے لئے ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کراچی کو بعض مسائل کا سامنا ہے تاہم یہ شہر لاوارث نہیں اسے صرف توجہ اور نگہداشت کی ضرورت ہے، کراچی کی سڑکوں کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے جن جگہوں پر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں یا گڑھے پڑ گئے تھے وہاں بھرائی کرکے پیوندکاری کی جا رہی ہے اور جہاں ایسا نہیں ہوا وہاں کم از کم گڑھوں کو بھر کے سڑک کی سطح کو ہموار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ نہ ہو اور شہری اطمینان سے سفر کرسکیں، انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کو بہتر طریقے سے چلانے کے لئے مالی استحکام کی خاص اہمیت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں MUCTاور چارجڈ پارکنگ جیسے محکمے ماضی میں صحیح طریقے سے استعمال نہیں کئے گئے اور نہ ہی بلوں کی ترسیل بہتر انداز میں ہوئی جس کے باعث یہ محکمے مطلوبہ ریونیو فراہم کرنے میں ناکام رہے تاہم اب کوشش کی جا رہی ہے کہ ریونیو سے متعلق محکموں کو منظم اور بہتر طریقے سے چلایا جائے اور ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے جس سے نہ صرف موجودہ وسائل بہتر ہوں بلکہ ان میں اضافہ بھی ممکن ہوسکے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ فائربریگیڈ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر تحسین کا حقدار ہے، اس محکمے کے ملازمین اپنی جانیں داؤ پر لگا کر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہیں اور ناکافی وسائل کے باوجود شہر میں کسی بھی جگہ آگ لگنے کی صورت میں اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاتے ہیں، دنیا بھر میں میٹروپولیٹن سٹیز نے فائر ڈپارٹمنٹ کو خاص اہمیت دی ہے لہٰذا ہماری بھی پوری کوشش ہے کہ اس محکمے کو مزید بہتر اور فعال بنا کر شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کا بندوبست کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ مختلف محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں اور محکموں کو بہتر بنایا جا رہا ہے جس سے امید ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی اور اس کے ثمرات شہریوں تک ضرور پہنچیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here