آئندہ کے لئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا تقرر تمام جماعتوں کی حمایت اور اتفاق رائے سے کیا جائے گا،میئر کراچی وسیم اختر

0
1280

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئندہ کے لئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا تقرر تمام جماعتوں کی حمایت اور اتفاق رائے سے کیا جائے گا، باہمی مشاورت سے باصلاحیت سرکاری افسر کو ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے تعینات کیا جائے گا،وزیر اعظم پاکستان نے این ڈی ایم اے اور کور فائیو کی ذمہ داری لگائی ہے کہ کراچی کی بہتری کیلئے برساتی نالوں کے ساتھ جو منسلک مسائل ہیں وہ بھی حل کئے جائیں،کراچی کے حوالے سے قائم کی جانے والی کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ہوگی جس میں ہر حکومتی جماعت سے دو، دو نمائندے شامل ہوں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نارتھ ناظم آباد بلاک۔ایم میں دو کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے اسٹیک ہولڈرز وفاق، سندھ حکومت اور میئر کراچی ہیں،کراچی کی بہتری اور مسائل کے حل کے حوالے سے حکومتی کمیٹیاں قائم کی گئیں ہیں جو تمام معاملات دیکھیں گی،انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کا حل یونین کونسل کی سطح تک کا مضبوط بلدیاتی نظام ہے، میئر کراچی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی سسٹم کے حوالے سے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے،ہم بھی جلد اپنی رپورٹ جمع کرائیں گے،انہوں نے کہا کہ شہر کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صاف پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹ کا نظام، گاربیج ڈسپوزل سمیت دیگر مسائل پر بھی بات کی ہے اور ہم نے کہا ہے کہ اگر یہ تمام مسائل حل ہوجائیں تو شہریوں کی مشکلات کم ہوسکتی ہیں اس سلسلے کو آگے لے کر جا رہے ہیں اور کوشش ہے کہ جلد سے جلد کوئی حل نکالا جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے حوالے سے قائم کی جانے والی کمیٹی کا نوٹیفکیشن سندھ حکومت جاری کرے گی، اب دیکھتے ہیں سندھ حکومت اس سلسلے میں کیا نوٹیفکیشن جاری کرتی ہے،مستقبل کے لئے جو بھی فیصلے ہوں اور اقدامات کئے جائیں ان میں شہر اور شہریوں کا وسیع تر مفاد پیش نظر رہنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ یہ سڑک کافی عرصے سے مخدوش حالت میں تھی اور شہریوں کو اس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، ہم نے جو بڑی سڑکوں کے حوالے سے ترجیحات متعین کی تھیں ان میں یہ سڑک بھی شامل تھی، یہ تقریباً 4 ہزار رننگ اسکوائر فٹ سڑک ہے جس کی تعمیر کی جائے گی اس کے منسلکہ کاموں میں پانی اور سیوریج سے متعلق کام اور اسٹریٹ لائٹس بھی شامل ہیں جنہیں اسی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے، اس کے ساتھ درمیان میں برساتی نالے کے چوکنگ پوائنٹس کو بھی ٹھیک کیا جائے گا، انشاء اللہ بہت جلد یہ کام مکمل کرلئے جائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ جب تک بلدیاتی اداروں کو مضبوط نہیں کیا جائے گا شہریوں کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے جاسکتے کیونکہ شہریوں کا براہ راست تعلق انہی اداروں سے رہتا ہے اور وہ ان کے مسائل بہتر طور پر حل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بلدیاتی سطح پر ہی شہریوں کے روزمرہ مسائل حل کئے جاتے ہیں اور اسی لئے اس نظام کو اہمیت دی جاتی ہے، بلدیاتی ادارے موثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کرکے عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرسکتے ہیں جبکہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں تاکہ سب مل کر شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کردار ادا کرسکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here