جامعہ کراچی: گریڈ 1 تا16 کے تین ملازمین کو حج پر بھیجنے کے لئے بدست شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی قرعہ اندازی

0
1496

جامعہ کراچی: گریڈ 1 تا16 کے تین ملازمین کو حج پر بھیجنے کے لئے بدست شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی قرعہ اندازی
محمد فیضان خلیل،عمران خان اور محمد شعیب انصاری کے ناموں کا اعلان
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ درکعبہ پر حاضری دے، کامیابی اللہ اور اس کے رسولؐ کی اتباع میں ہے، ذکر الٰہی اور عبادت سے روحانی تسکین ملتی ہے۔مجھے یہ احساس ہے کہ جامعہ کراچی کے ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ہمیں قرعہ اندازی کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنے والے ملازمین کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہیئے۔ میری پوری کوشش ہے کہ آئندہ سال حج قرعہ اندازی کے تحت تین کی جگہ پانچ لوگوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے بھیجا جائے جن میں سے دو افراد کو مخیر حضرات کے تعاون سے بھیجا جائے گاجبکہ اس سال وقت کی کمی کے باعث اس حوالے سے مخیر حضرات سے رابطہ نہیں کیا جاسکاتھا۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جمعرات کے روز جامعہ کراچی کی جانب سے گریڈ 1 تا16 کے تین ملازمین کو حج پر بھیجنے کے لئے کلیہ فنون وسماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ حج قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
قرعہ اندازی میں تین افراد جن میں کلیہ علم الادویہ کے محمد فیضان خلیل،شعبہ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے عمران خان اورشعبہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے محمد شعیب انصاری کے ناموں کا اعلان کیا گیا،جبکہ متبادل کے طور پر بھی تین افراد کے ناموں کا اعلان کیاگیاجن میں خرم حبیب،شفیق احمد خان اورسید محمد آصف علی شامل ہیں۔
قرعہ اندازی بد ست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی ہوئی،جس کے لئے کل1299 ملازمین نے فارم جمع کرائے تھے۔اس موقع پررجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد،کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان،ڈپٹی رجسٹرار جنرل نگہت نسرین،اسسٹنٹ رجسٹرار حفصہ صدیقی،ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد فرحان خان اور غیر تدریسی ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here