چینی تحقیقی ادارے کا پاکستانی سائنسدان پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن کے نام سے قیام پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی مبارکباد

0
2624

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرخالد محمودعراقی نے جمعہ کے روز وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن میں پروفیسرڈاکٹر عطاالرحمن کے نام سے ”اکیڈمیشن پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن ون بیلٹ ون روڈ ٹی سی ایم ریسرچ سینٹر“ کے قیام پر انہیں مبارکباد پیش کی ۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ ڈاکٹر عطاالرحمن اپنے سائنسی خدمات کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک الگ پہچان رکھتے ہیں اور ان کے نام سے منسوب ادارے کی بدولت نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پورے پاکستان کا نام دنیا میں روشن ہوگا۔چین میں یہ واحد تحقیقی ادارہ ہے جو ایک پاکستانی سائنسدان کے نام سے منسوب ہوا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات میں یہ ادارہ ایک سنگِ میل ثابت ہوگا جو پروفیسر عطا الرحمن کی علمی خدمات کا صحیح اعتراف بھی ہے۔
شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید کہا کہ پروفیسر عطا الرحمن نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں انکی 1207 سے زیادہ بین الاقوامی اشاعتیں، نامیاتی و غیر نامیاتی کیمیاء، این ایم آر اسپیکٹرواسکوپی اور نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے موضوعات پر امریکہ، یورپ اور جاپان میں طباعت شدہ 335کتب اور بین الاقوامی سائنسی جرائد میں 775 سے زیادہ تحقیقی اشاعتیں قابل ذکر ہیں، 45 پیٹنٹ بھی ان کے نام ہیں۔
ان کی زیرِ نگرانی82 طالب علموں نے پی ایچ ڈی کی سند حاصل کی ہے۔ پروفیسر عطا الرحمن آٹھ یورپی ریسرچ جرنل کے مدیِرِ اعلیٰ ہیں جبکہ متعلقہ مضمون سے متعلق دنیا کی نمایاں انسائکلوپیڈیا کے مدیر بھی ہیں۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،

مالیکیولر میڈیسن پر ساتواں بین الاقوامی سمپوزیم پیر سے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں ہوگا
35 ممالک کے سائنسدان شرکت کرینگے، ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی میں پروفیسر اقبال چوہدری کا اجلاس سے خطاب
وفاقی وزیر فواد چوہدری سمپوزیم کا افتتاح اور شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر خالد عراقی،پروفیسر عطا الرحمن خطاب کرینگے

ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی کے زیرِ اہتمام مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کے موضوع پر4روزہ ساتواں بین الاقوامی سمپوزیم کم ٹریننگ کورس(4تا7نومبر) پیرسے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں شروع ہو رہاہے جس میں 35ممالک کے100سے زائد سائنسدانوں اور محققیں کی شرکت متوقع ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری سمپوزیم کا افتتاح کریں گے۔ یہ بات آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جمعہ کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں سمپوزیم کی انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ اس بین الاقوامی سمپوزیم کے انعقاد کا مقصد مالیکیولر میڈیسن کے شعبے میں دنیا بھر سے ماہرین کو نہ صرف یکجا کرنا ہے بلکہ ان کے تجربات و معلومات سے استفادہ بھی کرنا ہے تاکہ متعلقہ شعبہ میں ترقی کی رفتار تیز تر ہوسکے۔ انھوں نے کہا سمپوزیم کی افتتاحی تقریب پیر کو صبح نوبجے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں ہوگی، وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدریسمپوزیم کا افتتاح کرینگے جبکہ تقریب میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور وزیر اعظم کی نیشنل ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن بھی خطاب کریں گے، جبکہ ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ نادرہ پنجوانی، حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن کے سربراہ عزیز جمال، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، فرانسیسی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر جارج میسیوٹ، یونانی سائینسدان پروفیسر ڈاکٹرآئیونیس جیروتھن سیس، جرمنی کے سائینسدان پروفیسر ڈاکٹربرٹرم فلیمیگ سمیت سمپوزیم کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عصمت سلیم بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔ انھوں نے کہا سمپوزیم پلینری لیکچرز، پوسٹر پریزنٹیشن اورمالیکیولر میڈیسن پر بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنسدانوں کے لیکچرز پر مشتمل ہے، جبکہ اس سمپوزیم کا تربیتی کورس مالیکیولر میڈیسن اور امراض کو سمجھنے کے حوالے سے اس کے ستعمال سے متعلق قائم ہونے والے تصورات کا احاطہ کریگا۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
سالانہ جلسہ تقسیم اسناد2019 ء میں شرکت کے لئے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹر سلیم شہزاد کے مطابق جامعہ کراچی میں سمسٹر سسٹم کے تحت باقاعدہ (ریگولر )طلباءوطالبات کے ”سالانہ جلسہ تقسیم اسناد“ میں شرکت کے لئے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 15 نومبر2019 ءتک توسیع کردی گئی ہے۔
جسٹریشن کے لئے مخصوص درخواست فارم اور فیس واﺅچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ www.uok.edu.pk پر دستیاب ہیں۔5000 روپے فیس واﺅچر پر درج بینک کی کسی بھی برانچ پر ادائیگی کے بعد باقاعدہ پرُ شدہ رجسٹریشن فارم معہ فیس واﺅچر 10:00 بجے صبح تادوپہر ایک بجے تک (جمعہ 12:00 بجے تک) اولڈ ایڈمنسٹریشن بلاک فرسٹ فلور ڈپٹی رجسٹرار اکیڈمک آفس میں جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں ان امیدواروں کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی جنہوں نے بیچلرز(آنرز) ،بی ایس ،ایل ایل بی ،ایل ایل ایم ،ماسٹرز، فارم۔ڈی اور ایم فارم کا امتحان سال2018 ءمیں پاس کرلیا ہے اور وہ طلباءجن کی ایم ایس، ایم ڈی ،ایم فل ،پی ایچ ڈی،ڈی لٹ اور ڈی ایس سی کی ڈگری 2018 ءاور اس کے بعد منظور ہوچکی ہیں وہ بھی اس کانوکیشن میں شرکت کے اہل ہوں گے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی کے مختلف کلیہ جات کے پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈل اور میرٹ سرٹیفیکٹ بھی دیئے جائینگے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here