ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں ڈی این اے ٹیسٹنگ کادوبارہ آغاز ہوگیا

0
912

ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں ڈی این اے ٹیسٹنگ کادوبارہ آغاز ہوگیا
سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز کے اجراء کے بعد کام دوبارہ شروع ہوا، بین الاقوامی مرکز کا بیان
پروفیسر اقبال چوہدر ی کی جانب سے صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عزرا پیچو کی مسلسل مدد و معاونت پر شکریہ
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ، جامعہ کراچی میں صوبے کی پہلی جدید سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) نے سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز کے اجراء کے بعد دو روز کے تعطل کے بعد دوبارہ ڈی این اے ٹیسٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق سندھ فرانزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری نے گزشتہ18ماہ سے سرکاری فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث حال ہی میں ٹیسٹنگ سروس کو روک دیا تھا، مگر فنڈز کے اجراء کے بعد لیبارٹری میں جمعرات(27مئی)سے ٹیسٹنگ سروس کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔اس موقع پر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے سندھ میں اپنی نوعیت کی پہلی جدیدڈی این اے لیبارٹری اور دیگر سرکاری لیبارٹریز چلانے کی مد میں صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عزراء پیچوکی جانب سے مسلسل بنیادوں پرکی جانے والی مدد و معاونت کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے تحت اس جدید ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری کا قیام عمل میں آیا تھا، یہ سندھ میں اپنی نوعیت کی پہلی فرانزک لیبارٹری ہے جسے جمیل الرحمن سینٹر فار جینومکس ریسرچ میں قائم کیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here