شجرکاری مہم کو فروغ دینے کے لئے آگاہی ضروری ہے جس کے لئے جامعات بہترین کراداراداکرسکتی ہیں۔سیدہ شہلارضا

0
1343

شجرکاری مہم کو فروغ دینے کے لئے آگاہی ضروری ہے جس کے لئے جامعات بہترین کراداراداکرسکتی ہیں۔سیدہ شہلارضا
ہمیں کنکریٹ کے شہروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے کلین اینڈ گرین ماحول کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ڈاکٹر خالد عراقی
تواتر کے ساتھ شجرکاری مہم کے انعقاد سے طلبہ میں شجرکاری کرنے کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے۔ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ اور درجہ حرارت کو کم کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر شجرکاری ناگزیر ہے۔صوبائی حکومت سندھ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماحول کو سرسبزوشاداب کرنے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔شجرکاری مہم کو فروغ دینے کے لئے آگاہی ضروری ہے جس کے لئے جامعات بہترین کراداراداکرسکتی ہیں اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی اس سلسلے میں اپنا بھر کردار اداکررہی ہے۔یہاں کے طلبہ میں شجرکاری کے رجحان کو دیکھ کر مجھے بیحد خوشی ہورہی ہے کیونکہ شہرکے مختلف حصوں سے آنے والے طلبہ اگر اس حوالے سے اپنا کردار اداکریں تو ہم بہت جلد گرین اینڈ کلین صوبے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکتے ہیں۔شجرکاری مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم سب بحیثیت ذمہ دارشہری اس میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں۔انہوں نے جامعہ کراچی میں تواتر کے ساتھ شجرکاری مہم کے انعقاد کو لائق تحسین اور قابل تقلید قراردیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے سینٹر آف ایکسلینس فارویمن اسٹڈیز جامعہ کراچی کے زیر اہتمام کلین اینڈ گرین کیمپس سیکنڈ پلانٹیشن ڈرائیو2021 ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شجرکاری مہم کا افتتاح سیدہ شہلا رضا اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے پودالگاکر کیا۔اس موقع پر روئسائے کلیہ جات اور جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے صدور،اساتذہ اور طلبہ بھی موجودتھے۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کوگذشتہ کئی سالوں سے احساس ہونے لگا ہے کہ شہر کراچی کنکریٹ کی شکل اختیار کرتاجارہے اور شجرکاری کے فقدان کی وجہ سے شہر میں ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں بھی بتدریج اضافہ ہورہاہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ہمیں کنکریٹ کے شہروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے کلین اینڈ گرین ماحول کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔جامعہ کراچی میں باقاعد گی کے ساتھ نہ صرف شجرکاری مہم کا اہتمام کیاجاتاہے بلکہ لگائے جانے والے پودوں کی پوری طرح سے دیکھ بھال اور حفاظت کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے جس کا منہ بولتا ثبوت جامعہ کراچی کا سرسبز کیمپس ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہم ہر سال شجر کاری مہم چلاتے ہیں اور بہت سارے پودے بھی لگاتے ہیں لیکن اگر ان پودوں کو لگانے کے بعد اس کی دیکھ بھال نہیں کی جائے گی تو ہم صرف شجرکاری ہی کرتے رہیں گے ان پودوں کو تناور درختوں کی صورت میں دیکھنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتے۔ان پودوں کو تناوردرختوں کی شکل میں دیکھنے کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار اداکرنے اوراس حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس کے لئے اسکول،کالجز اور جامعات بہترین پلیٹ فارمز ہیں۔شجرکاری مہم اداروں کی بنیاد پر نہیں مجموعی طور پر چلانے کی ضرورت ہے۔
رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم اور ڈائریکٹر سینٹر آف ایکسلینس فارویمن اسٹڈیز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے کہا کہ تواتر کے ساتھ شجرکاری مہم کے انعقاد سے طلبہ میں شجرکاری کرنے کے رجحان میں اضافہ ہورہاہے اور مجھے خوشی ہے کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی سرپرستی میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں شجرکاری مہم کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے جو کلین اینڈ گرین کیمپس کے لئے ضروری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here