اسلام آباد میں پر امن سرکاری ملازمین پر ہونے والے تشدد کے خلاف جامعہ کراچی کے اساتذہ کی جانب سے آج ایک احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا

0
1740

حبیب جالب کی نظم پر اختتام۔ ڈاکٹر زیشان کی زبانی

کراچی:(اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں پر امن سرکاری ملازمین پر ہونے والے تشدد کے خلاف جامعہ کراچی کے اساتذہ کی جانب سے آج ایک احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاج میں نائب صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر حارث شعیب، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر حسان اوج، ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جناب وقار احمد سمیت اساتذہ کرام و ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اسلام آباد میں ہونے والے تشدد کے واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور مظاہرین کو اپنی یکجہتی کا یقین دلایا۔ اس موقع پر مظاہرین سے پروفیسر ایس ایم طہ، پروفیسر حارث شعیب، پروفیسر ڈاکٹر ریاض، ڈاکٹر معیز، ڈاکٹر حسان اوج، جناب وقار احمد نے خطاب کیا۔ شرکاء نے اس احتجاج کو سندھ کے سرکاری ملازمین کے حقوق کی جدو جہد کا آغاز قرار دیا اور یہ مطالبہ کیا کہ مختلف سرکاری اداروں کی تنخواہوں میں تفریق فی الفور ختم کی جائے اور فوری طور پر تمام اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ اس موقع پر یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ باقی اداروں کی طرح یوٹیلیٹی الاؤنس کا اطلاق سندھ کی جامعات میں بھی فوری کیا جائے۔ حکومت سے مزید مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق ہنگامی طور پر جامعات کے حوالے سے پیکج کا اعلان بھی کرے جس سے جامعات میں طلباء کی فیسوں میں ہوشربا اضافہ کے رحجان کا خاتمہ کیا جاسکے اور انہیں بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ آخر میں یہ اعلان کیا گیا کہ یہ تحریک اب کسی فرد کی نہیں بلکہ تمام جامعات کی آواز بن گئی ہے اور اس حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here