نوجوان شجرکاری مہم میں ہاتھ بٹائیں اور شہر کے درودیوارکو بدنما اشتہارات اور نعروں سے پاک کرنے میں مدد کریں،لئیق احمد

0
1353

نوجوان شجرکاری مہم میں ہاتھ بٹائیں اور شہر کے درودیوارکو بدنما اشتہارات اور نعروں سے پاک کرنے میں مدد کریں،لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ نوجوان شجرکاری مہم میں ہاتھ بٹائیں اور شہر کے درودیوارکو بدنما اشتہارات اور نعروں سے پاک کرنے میں مدد کریں، وال آرٹ کے ذریعے شہر کو خوبصورت بنایا جاسکتا ہے، بہتری اور ترقی کے کاموں کے لئے نوجوان رضاکاروں کی دستیابی خوش آئند بات ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رضوان جعفر کی سربراہی میں کے ایم سی ہیڈ آفس میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے یوتھ پارلیمنٹ کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مالی استحکام کے لئے ریونیو وسائل کو بڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں، امید ہے جلد بہتری آئے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سگ گزیدگی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے دنیا بھر میں اپنائے گئے اچھے ماڈل اختیار کرنے کے لئے حکومتی کمیٹی بائی لاز تیار کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ 15 فروری سے شروع ہونے والی شجرکاری مہم میں نوجوان ر ضاکار لگائے جانے والے پودوں کی 4 ماہ تک آبیاری کی ذمہ داری لیں، ہمیں ہزاروں پودوں کے بجائے سایہ دار اور تناور شکل اختیار کرنے والے درختوں کی ضرورت ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت قائم سی سی ایس کارنرز میں نوجوان زیادہ سے زیادہ شمولیت اختیار کریں جہاں انہیں سرکاری ملازمت کے لئے مقابلے کے امتحان کی تیاری کے بہترین مواقع حاصل ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں سٹی وارڈنز کو ریسکیو کی جدید ترین تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس سے شہر میں حادثات کی صورت میں فوری اور موثر امدادی کام کرنے میں مدد ملے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہر کے پارکس کو بہتر بنانے کے لئے مقامی افراد مشتمل باغبان کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جبکہ شہریوں کو کچن گارڈننگ اور کمپوزیسٹ کی جامع تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے، انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود یہ دیکھیں کہ وہ شہر کے لئے کیا کرسکتے ہیں، بصورت دیگر متعلقہ حکام سے رجوع کریں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پاس شہر کی 106 سڑکوں کا انتظام ہے جہاں چارجڈ پارکنگ کے سسٹم کو صحیح خطوط پر استوار کر رہے ہیں تاکہ اوور چارجنگ کی شکایات اور بدنظمی کو دور کیا جاسکے، انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے ارکان سے کہا کہ وہ شجرکاری مہم کے ساتھ شروع ہونے والے اسپورٹس گالا میں بھی شمولیت اختیار کریں اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کریں، ملاقات کے دوران یوتھ پارلیمنٹ کے سربراہ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو بتایا کہ ان کے 2 ہزار رضاکار مکمل جوش و جذبے کے ساتھ شہر کو بہتر بنانے کے عزم پر کاربند ہیں اور اس کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ ہرممکن تعاون پر تیار ہیں انہوں نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ کی طرف سے شہر میں شروع کیا گیا وال آرٹ کا تجربہ کامیاب رہا ہے اور ہم یہ چاہتے ہیں کہ کے ایم سی ہمیں ایسی جگہوں کی نشاندہی کرے جہاں ہمارے رضاکار اور آرٹسٹ وال آرٹ کے ذریعے شہر کو خوبصورت بنانے میں حصہ لے سکیں، انہوں نے کہا کہ ہم گراس روٹ لیول پر کام کر رہے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو شہر کی بہتری کے لئے بروئے کار لائیں تو بہت جلد صورتحال بہتر بنائی جاسکتی ہے، نئی نسل میں کچھ کرنے دکھانے کا جذبہ قابل تحسین ہے، درست سمت میں رہنمائی کی جائے تو بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹ کی سرگرمیوں میں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا کیونکہ ہم سب کا مقصد شہر اور شہریوں کی بہتری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here