Karachi Metropolitan Corporation

کراچی کے شہریوں کے لئے فریئر ہال میں خوبصورت اور رنگا رنگ فیسٹیول منعقد کرکے کے ایم سی نے شہریوں کی بہترین خدمت کی ہے،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی کے شہریوں کے لئے فریئر ہال میں خوبصورت اور رنگا رنگ فیسٹیول منعقد کرکے کے ایم سی نے شہریوں کی بہترین خدمت کی ہے،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لئے فریئر ہال میں خوبصورت اور رنگا رنگ فیسٹیول منعقد کرکے کے ایم سی نے شہریوں کی بہترین خدمت کی ہے، سندھ حکومت اس قسم کے احسن کاموں میں کے ایم سی کا مکمل ساتھ دے گی، کراچی میں ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے سرسبز کراچی مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت موسم بہار کے آغاز پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی، شہری ان کاموں میں کے ایم سی سے تعاون کریں، یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام باغ جناح فریئر ہال میں میری گولڈ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر طٰحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی میں خوشگوار تبدیلی آتی دیکھ رہے ہیں،نیک نیتی سے کام کئے جائیں تو وسائل کی کمی آڑے نہیں آتی، کے ایم سی اور ڈی ایم سیز اپنی اپنی حدود میں بہترین انداز سے شہر کی خدمات کر رہی ہیں،کے ایم سی کے محکمہ باغات نے فریئر ہال کی رونقیں واپس لوٹا دی ہیں، انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کے انعقاد پر ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد اور محکمہ باغات کے مشکور ہیں جنہوں نے شہریوں کو ایک اچھی اور صحت مند سرگرمی فراہم کی اور شہریوں کا بڑی تعداد میں یہاں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے لوگ اس قسم کی صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ میری گولڈ فیسٹیول کو فریئر ہال کے بعد کراچی کے تمام پارکس تک لے کر جائیں گے، شہریوں سے درخواست کروں گا کہ شہر میں شجرکاری اور سبزہ کاری کے کاموں میں کے ایم سی کا ساتھ دیں اور اسے اپنا ادارہ سمجھیں، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کے ملازمین شہر کو بہتر اور سر سبز اور شاداب بنانے میں شہریوں کی مدد کر رہے ہیں، ہماری آئندہ نسلوں کو ان درختوں سے فائدہ پہنچے گا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ میری گولڈ فیسٹیول سے سنہری کراچی کے خواب کی عملی تعبیر حاصل ہو رہی ہے، شہریوں کی بڑی تعداد میں آمد یہ بتاتی ہے کہ انہیں پھولوں اور رنگوں سے کس قدر لگاؤ ہے، انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول کے انعقاد پر محکمہ باغات کا مشکور ہوں اور ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی کاوشوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ حکومت کی طرف سے اس قدر پذیرائی مل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہماری مالی حالت ایسی تھی کہ ملازمین کی تنخواہیں دینے کے قابل نہیں تھے تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے مہربانی فرما کر کے ایم سی کی گرانٹ میں اضافے کی منظوری دی جس کے بعد ہم نے افسران کی تنخواہیں دینا شروع کردیا ہے امید ہے کہ تنخواہوں میں تمام بیک لاگ بھی جلد کلیئر ہوجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ ذاتی طور پر کے ایم سی کے مسائل کو دیکھ رہے ہیں جو ہمارے لئے خوش آئند بات ہے اور ہم صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ اور بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے تعاون کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ کے ایم سی نے اپنے وسائل سے اپنی نرسریوں میں یہ پودے اور گملے تیار کرائے اور سول سوسائٹی نے بھی اس میں حصہ لیا، یہ فیسٹیول اس شہر کی ایک اہم ضرورت ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی میں کھیلوں کے مقابلے اور دیگر تفریحی اور تعمیری سرگرمیاں بھی جاری رکھی جائیں گی، ہمارے پاس وقت کم ہے اس لئے تیزی سے کام کرنا ہے، ہماری ٹیم حکومتی سرپرستی میں جو بھی کام شہر میں ممکن ہے وہ ضرور کرے گی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم نے کہا کہ ہمیں کراچی کو سرسبز اور خوبصورت بنانا ہے اس فیسٹیول میں مختلف اداروں اور سوسائٹی کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب مل کر شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ ایک احسن کام کا آغاز ہے اور شہریوں کے لئے اس قسم کے ایونٹ منعقد کراتے رہیں گے۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW