سیکھنے اور سکھانے کا عمل ہمیشہ جاری رہنا چاہئے، میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی

0
1397

کراچی (اسٹاف رپورٹر/طلعت محمود) میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے کہا ہے کہ سیکھنے اور سکھانے کا عمل ہمیشہ جاری رہنا چاہئے، بالخصوص کسی کی زندگی بچانے اور ذاتی حفاظت کے طریقہ کار اور اصولوں کو جاننا ہم سب کے لئے بہت ضروری ہے ”عالمی دن برائے ابتدائی طبی امداد“ کا بنیادی پیغام بھی یہی ہے، یہ شہر ہم سب کا ہے، ہمیں اس کے مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، کسی بھی ناگہانی کی صورت میں دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سٹی وارڈنز بھی فعال ہوجاتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انہیں ایسی تربیت فراہم کریں کہ ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو اور یہ بہت عمدگی کے ساتھ بروقت کسی بھی نازک مرحلے میں اپنی خدمات پیش کرسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی انسٹیٹیوٹ آف امیج مینجمنٹ CIIM میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے سابق میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ہلال احمر پاکستان (صوبہ سندھ) کے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر سید محمد، بین الاقوامی ماسٹر ٹرینر ڈیزاسسٹر مینجمنٹ محمد نعیم یوسف، کرنل ریٹائرڈ احتشام الدین، ڈائریکٹر CIIMاطہر اقبال اور سابق ڈائریکٹر سم محمد شاہد نے بھی خطاب کیا،تقریب کا انعقاد ”عالمی دن برائے ابتدائی طبی امداد“ کے حوالے سے کیا گیا تھا، سٹی وارڈنز کو یہ بتایا گیا کہ وہ کس طرح کسی عمارت کے گرنے کے بعد اس کے ملبے سے انسانی جانوں کو بچا سکتے ہیں تاکہ وہ اپنے دیگر فرائض کے ساتھ ساتھ ان اداروں کے ساتھ بھی مل کر بھرپور کام کرسکیں کہ جو عمارتی ملبے میں دبے ہوئے لوگوں کی جان و املاک کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اور اس بات کی کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ انسانی جانوں کو بچایا جاسکے، تقریب میں ہلال احمر کے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر سید محمدنے سٹی وارڈنز کے مختلف انسپکٹرز کو عملی مظاہرے کے ذریعے یہ بتایا کہ کسی بھی قدرتی آفت یا حادثے کی صورت میں کس طرح سے خود کی اور دوسروں کی جان بچائی جاسکتی ہے جبکہ ماسٹر ٹرینر نعیم یوسف نے عمارتی ملبے میں دبے افراد کو بچانے اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے حوالے سے لیکچر دیا، مہمان خصوصی میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آگاہی پروگراموں کی اشد ضرورت ہے، سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہنا چاہئے، انہوں نے ہلال احمر پاکستان کی خدمات کو سراہا اور محکمہ سم کے ساتھ آگاہی پروگرام کے انعقاد پر ہلال احمر پاکستان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے ڈائریکٹر CIIM اطہر اقبال اور ان کی ٹیم کو اس موضوع پر تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ محکمہ سم آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کراتا رہے گا جن سے آگاہی کے عمل کو فروغ ملے، سابق میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ جن سٹی وارڈنز کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے انہیں آئندہ بھی مرحلہ وار تربیت دی جانی چاہئے تاکہ وہ اپنے دیگر سٹی وارڈنز کو اس سے متعلق آگاہ کرسکیں، انہوں نے کہا کہ صرف کسی ایک ہی نشست میں سیکھ لینا اور دوبارہ اس طرف توجہ نہ دینا کوئی اچھا عمل نہیں ہے بلکہ ہونا یہ چاہئے کہ جن افراد کو تربیت دی جا رہی ہے آئندہ اس تربیت سے متعلق ان کے ٹیسٹ بھی ہونا چاہئیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ دی جانے والی تربیت سے سیکھنے والے افراد کتنا مستفید ہوسکے ہیں، تقریب کے اختتام پر تربیت لینے والے سٹی وارڈنز میں سرٹیفکیٹ پیش کئے گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here