سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ اور موجودہ ویسپا یوتھ کپ 22 جنوری سے 7 فروری تک ہوگا۔طارق پرویز

0
1535

سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ اور موجودہ ویسپا یوتھ کپ 22 جنوری سے 7 فروری تک ہوگا۔طارق پرویز
کراچی: (اسپورٹس رپورٹر / طلعت محمود ) پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے پرہجوم پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ سابقہ ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ اور موجودہ ویسپا یوتھ کپ 22 جنوری سے 7 فروری تک ہوگا۔ ایونٹ تین مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ پہلا مرحلہ 22 سے 24 جنوری، دوسرا 30 سے 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔ اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس چیمپیئن شپ کی میزبانی کے لئے پاکستان کا انتخاب کیا ہے، کوویڈ 19 کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پہلی بار چیمپیئن شپ کا انعقاد آن لائن ہوگا۔ پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن شپ کو اسپانسر کررہی ہے اسی وجہ سے اس ایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب کی سربراہی میں انتہائی ماہر ٹیکنیکل ٹیم چیمپیئن شپ کا انعقاد کرے گی۔ ویسپا نے پاکستان کے حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ چیمپیئن شپ کی پوری انتظامی ٹیم کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔ اس چیمپیئن شپ میں پانچ براعظموں کے سولہ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ہر ٹیم چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ تمام کھلاڑیوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔ پہلی بار یہ چیمپیئن شپ انفرادی کے بجائے ٹیم فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔ تمام ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جو راونڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔چیمپیئن شپ کیلئے کراچی میں PharmEvo کے گیسٹ ہاوس میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، جہاں انتظامی عملے کیلئے اسکریبل کا کمرہ، کمنٹری باکس اورہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اورمانیٹرنگ آلات کے ساتھ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل ٹیم ویب کیم کے ذریعے تمام گیمز کی نگرانی کرے گی،چند منتخب میچز کو کمنٹری کے ساتھ لائیو اسٹریم بھی کیا جائے گا۔ دنیا کے بہترین اسکریبل کمنٹیٹرز امریکا کے ول اینڈرسن اورجیسے ڈے انگلش، جبکہ پاکستانی شائقین کیلئے وسیم کھتری اور دانیال ثناء اللہ اردو میں کمنٹری کریں گے۔ پاکستان چیمپیئن شپ جیتنے کیلئے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ ایونٹ کیلئے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم کا اعلان 17 جنوری کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here