سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کے لئے منعقد کئے جانے والے لیکچرز کی افادیت کے پیش نظرانہیں آن لائن کیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
996

سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کے لئے منعقد کئے جانے والے لیکچرز کی افادیت کے پیش نظرانہیں آن لائن کیا جائے گا،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کے لئے منعقد کئے جانے والے لیکچرز کی افادیت کے پیش نظر انہیں کراچی اور دیگر شہروں کے طلبہ و طالبات کے لئے آن لائن کیا جائے گا تاکہ وہ نوجوان بھی گھر بیٹھے ان کلاسز سے استفادہ کرسکیں جنہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت قائم کئے جانے والے سی ایس ایس کارنر میں شرکت کا موقع نہیں مل سکا، یہ بات انہوں نے المرکزاسلامی فیڈرل بی ایریا میں قائم سی ایس ایس کارنر میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر طٰحہ سلیم، سینئر ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر خورشید شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ سی ایس ایس مقابلے کا اعلیٰ ترین امتحان ہے جس میں سرخرو ہونا اعزاز کی بات ہے، اس مقصد کے تحت سی ایس ایس کارنر کا انعقاد ایک بہترین اقدام ہے، نوجوانوں کے مستقبل کو سنوارنے اور انہیں ملک و قوم کی خدمت کے لئے تیار کرنے کا یہ بہترین ذریعہ ہے انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر طٰحہ سلیم کو ہدایت کی کہ سی ایس ایس کلاسز کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے اور شہر کے مزید علاقوں میں سی ایس ایس کارنرقائم کئے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ان میں شرکت کا موقع ملے اور وہ بھرپور تیاری کے ساتھ سی ایس ایس کے امتحان میں بیٹھیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے نوجوان انتہائی قابل اور محنتی ہیں اور ان کے اندر اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کی امنگ اور جذبہ موجود ہے، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ نوجوان ٹیلنٹ کی درست سمت میں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی جائے یہی نوجوان کل پبلک ایڈمنسٹریشن،آئی ٹی، انجینئرنگ، میڈیکل اینڈ ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، ٹریڈ اینڈ فنانس، فارن پالیسی اور دیگر اہم شعبوں میں سرکاری عہدوں پر براجمان ہوں گے اور اپنی بہترین صلاحیتیں ملک کی خدمت میں استعمال کریں گے، انہوں نے سی ایس ایس کلاسز میں شرکت کرنے والے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے سامنے ایک مقصد رکھیں اور اس کے حصول کے لئے جس طرح بھی اور جہاں سے بھی مدد مل سکے حاصل کریں، سی ایس ایس کارنر میں سینئر بیوروکریٹس اور ماہرین شرکاء کی معاونت اور رہبری کے لئے یہاں آرہے ہیں جو انتہائی خوش آئند بات ہے کہ ہمارے سینئرز بھی مستقبل کے معماروں کی تعلیم و تربیت میں دلچسپی رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فریئر ہال اور المرکز اسلامی دونوں جگہ سی ایس ایس کارنر کامیابی سے جاری ہیں اور نوجوان طلبہ و طالبات کا جوش و خروش دیکھ کر یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ تجربہ انتہائی کامیاب ثابت ہو رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے اس موقع پر نوجوانوں سے بات چیت کی اور سی ایس ایس امتحان کی تیاری سے انہیں مفید باتیں بھی بتائی، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی سی ایس ایس کلاسز میں شرکت کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی فیس نہیں لے رہی اور نہ ہی انہیں فراہم کئے گئے تربیتی مواد اور دیگر سہولیات کے لئے کوئی معاوضہ لیا جاتا ہے، یہ کلاسز خالصتاً شہریوں کو ایک بہترین سہولت کی فراہمی کے لئے شروع کی گئی ہیں اور ان کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here