شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف ستھرا گوشت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، افتخار علی شالوانی

0
1149

شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف ستھرا گوشت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، افتخار علی شالوانی
کراچی: (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف ستھرا گوشت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، بلدیاتی سطح پر قائم مذبحہ خانے روزمرہ استعمال ہونے والے گوشت کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں اس لئے ان جگہوں کو جدید تکنیک کے مطابق اپ ڈیٹ کیا جانا چاہئے تاکہ جراثیم سے پاک اور بہتر ماحول میں جانور ذبحہ ہوں اور ان کا گوشت تیار کرکے شہر کے مختلف علاقوں میں فراہم کیا جاسکے،یہ بات انہوں نے لانڈھی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مذبحہ خانے (سلاٹر ہاؤس) کے دورے کے موقع پر کہی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز جمیل فاروقی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے لانڈھی مذبحہ خانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے سمیت صفائی ستھرائی اور دیگر امور کے حوالے سے ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ مذبحہ خانے میں بجلی کی مسلسل فراہمی ضروری ہے لہٰذا اس کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں، ہمارا مقصد شہریوں کی بہتر اور تسلی بخش خدمت ہونی چاہئے، ان کی صحت کا پورا خیال رکھتے ہوئے تمام کام کئے جائیں اور اسے ایک مثالی سلاٹر ہاؤس بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ شہر میں کسی بھی جگہ جانوروں کا غیرقانونی ذبیحہ نہ کیا جائے اور شہریوں کو صرف اور صرف قانونی طور پر سرکاری مذبحہ خانے میں ذبحہ کئے ہوئے جانوروں کا گوشت ہی دستیاب ہو، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز نے بتایا کہ لانڈھی مذبحہ خانہ 42 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جہاں روزانہ دن میں 400 اور رات کے اوقات میں 1200 بڑے جانور ذبحہ کئے جاتے ہیں اور یومیہ 2 ہزار بکرے اور بھیڑیں بھی ذبحہ کی جاتی ہیں اور ان کا گوشت شہر کے مختلف علاقوں میں واقع مارکیٹوں اور گوشت کی دکانوں میں فروخت کے لئے جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ مذبحہ خانے میں روزمرہ کی بنیاد پر کام ہوتا ہے اور منگل کے روز تعطیل ہوتی ہے، سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری نے بتایا کہ ویٹرنری ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں شہر میں غیرقانونی طور پر جانوروں کے ذبیحہ اور ان کی گوشت کی فروخت کو روکنے کے لئے تسلسل کے ساتھ کارروائی کرتی ہیں اور جہاں بھی غیرقانونی طور پر جانور ذبحہ ہورہے ہیں یا ان کا گوشت جعلی مہر لگا کر بیچا جا رہا ہو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے اور ضبط شدہ گوشت چڑیا گھر میں جانوروں کے استعمال کے لئے جمع کرا دیا جاتا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ اس سلسلے کو جاری رکھا جائے اور پورے شہر میں نگرانی کا ایسا نظام وضع کیا جائے کہ شہریوں کو صرف قانونی طور پر اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کردہ گوشت ہی فراہم کیا جائے، انہوں نے مذبحہ خانے کی انتظامیہ کو تجاویز پیش کرنے کے لئے کہا جن پر غور کرنے کے بعد لانڈھی مذبحہ خانے کو جدید اصولوں کے مطابق بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here