کلفٹن کے مختلف علاقوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت و پیوندکاری کرکے انہیں قابل استعمال بنایاجارہا ہے،ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد

0
1123

کلفٹن کے مختلف علاقوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت و پیوندکاری کرکے انہیں قابل استعمال بنایاجارہا ہے،ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد
کراچی:(اسٹاف رپورٹرطلعت محمود) ایڈمنسٹریٹرکراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کلفٹن کے مختلف علاقوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت و پیوندکاری کرکے انہیں قابل استعمال بنایاجارہا ہے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں حائل مشکلات دور کی جاسکیں، کلفٹن انڈرپاس کے سائیڈ روڈ،شون سرکل اور ملحقہ علاقوں کی سڑکوں پر 25ہزار اسکوائر فٹ پیچ ورک کیا گیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں اور تاجر برادری کو سہولت ملے گی،سڑکوں اور شاہراہوں کی بحالی ومرمت کے کام شہر کی اولین ضرورت سمجھتے ہوئے انجام دیئے جارہے ہیں،موجودہ انفراسٹرکچر با سہولت اور آرام دہ ہوگاتو نئے کام بھی کئے جائیں گے، ان خیالات کااظہارانہوں نے کلفٹن انڈر پاس اور شون سرکل کے اطراف کی جانے والی سڑکوں کی مرمت و پیوند کاری کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کلفٹن انڈر پاس کا سائیڈ روڈ بے انتہا خراب تھا اور یہاں سے گاڑیوں کا گزرنا مشکل ہوگیا تھا حالانکہ یہ ایک اہم ذیلی راستہ ہے جہاں 24 گھنٹے گاڑیوں کی آمد ورفت رہتی ہے علاقے کے لوگوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر اس سڑک پر پڑنے والے گڑھے بھر دیئے گئے اور سطح ہموار کرکے مشینی استر کاری کی گئی، اس کے علاوہ شون سرکل اور ملحقہ سڑکوں کی حالت بھی بہتر بنائی گئی ہے جہاں کئی مقامات پر سڑک ٹوٹ چکی تھی اور ہر وقت حادثات کا امکان رہتا تھا اس پورے علاقے میں روڈ نیٹ ورک کا سروے کرنے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر سڑکوں کی مرمت اور پیوند کاری مکمل کی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شبیہہ الحسن زیدی کو ہدایت کی کہ سڑکوں کی مرمت و استرکاری کے ساتھ ساتھ تمام منسلکہ کاموں کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے،سڑکوں اور پلوں کا نیٹ ورک بہتر ہونے سے شہر میں واضح بہتری آئے گی لہٰذا جہاں بھی سڑکوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے وہاں فوری طور پر عملہ اور مشینری لگا کر کام کیا جائے، انہوں نے کہا کہ انفرا سٹرکچر کی بہتری کے کام پورے شہر میں یکساں بنیاد پر جاری ہیں اور ان کے فوائد تبھی سامنے آئیں گے جب ان کے اعلیٰ معیار اور مستقل معائنہ کے نظام کو یقینی بنایا جائے، بلدیہ عظمیٰ کراچی یہ تمام کام اپنے وسائل سے انجام دے رہی ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سڑکوں کے موجودہ انفراسٹرکچر کو ٹھیک کیا جائے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بحالی و مرمت کے سلسلے میں قبل ازیں غریب آباد اور حسین آباد کے درمیان 60 ہزار اسکوائر فٹ سڑک کی مرمت اور کارپیٹنگ کے علاوہ ابو الحسن اصفہانی روڈ اور شاہراہ پاکستان پر واٹر پمپ کے قریب اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور درستگی کا کام اور عیسیٰ نگری سے لے کر حبیب بینک (سائٹ ایریا) براستہ ناظم آباد شاہراہ ابن سینا کے مختلف حصوں کی مرمت و کارپیٹنگ کا کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر سے لے کر ناظم آباد انڈرپاس کے درمیانی حصے میں بھی سڑک کے مختلف حصوں کی پیوندکاری کی گئی اور ضلع شرقی میں اولمپیئن اصلاح الدین روڈ اور علامہ شبیر احمد عثمانی روڈ کی بحالی و تعمیر کے کام انجام دیئے جاچکے ہیں جن سے شہریوں کو کافی سہولت حاصل ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ شہر میں جہاں کہیں بھی محکمہ ورکس اینڈ سروسز کی جانب سے سڑکوں کی مرمت و استر کاری کی گئی ہے وہاں اس امر کو پیش نظر رکھا جارہا ہے کہ ہونے والے کام دیر پا ثابت ہوں اور سڑکیں جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں، اس کے ساتھ ساتھ علاقے کی ضروریات اور ٹریفک کے دباؤ کو بھی سامنے رکھتے ہوئے حکمت عملی اختیار کی جاتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here