کراچی کے تاریخی برنس گارڈن کو آج سے شہریوں کے لئے کھول دیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1353

کراچی (اسٹاف رپورٹر/طلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی کے تاریخی برنس گارڈن کو آج سے شہریوں کے لئے کھول دیا گیا ہے، کراچی کے پارکوں اور گرین بیلٹس میں درخت لگانے کی مہم شروع کردی گئی ہے، یہ کام کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے کیا جائے گا، ابتدائی طور پر ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز برنس گارڈن میں نیم کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی، ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ اور دیگر افسران، سول سوسائٹی کے اراکین اور شہریوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کے پارکوں اور گرین بیلٹس میں لگے ہوئے درختوں کی نمبر شماری کی جائے اور انہیں کمپیوٹرائزڈ کیا جائے، درختوں پر ان کے ناموں کی تختیاں نصب کی جائیں تاکہ شہری ان درختوں سے واقفیت حاصل کرسکیں، انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم میں کے ایم سی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے اور بہت سے ادارے شہر کے لئے کام کرنے کو تیار ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ برنس گارڈن کی تزئین و آرائش کی جائے، تجاوزات کو ختم کیا جائے، بچوں کے لئے علیحدہ پارک، نوجوانوں کے لئے اوپن جم اور خواتین کے لئے پردہ پارک کی تزئین و آرائش کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ یہ پارک 1927ء میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے جسے بحال کرنا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ برنس گارڈن شہر کے انتہائی اہمیت کے حامل علاقے میں واقع ہے اس لئے اس پارک سے بڑی تعداد میں لوگ استفادہ کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہاں مختلف کھیلوں کے کورٹس بھی بنائے جاسکتے ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے یہ پارک کشش کا باعث بنے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ محکمہ پارکس کے پرانے مالی جو اپنی محنت اور تندہی سے ان پارکوں میں آباد رکھے ہوئے ہیں انہیں کے ایم سی میڈل اور اعزازی سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، انہوں نے وہاں موجود مالیوں اور مزدوروں سے کہا کہ وہ اپنا کام اسی محنت سے جاری رکھیں آپ ہی کے دم سے گلشن میں بہار ہے اور آپ سب کے ایم سی کے لئے انتہائی محترم ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے روایتی درختوں نیم، جامن، بادام، جنگل جلیبی،ناریل کے درختوں کو ترجیح دی جائے کیونکہ یہ درخت کراچی کی پہچان ہیں، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ برنس گارڈن میں شہریوں کے داخلے کے لئے آئی آئی چندریگر روڈ سے بھی راستہ بنایا جائے اور واک کرنے والے لوگوں کے لئے واکنگ ٹریک کو فوری طور پر صاف کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی کی تمام سڑکوں کے گرین بیلٹس پر پودے لگائے جائیں اور جو درخت پہلے سے لگے ہوئے ہیں ان کی کانٹ چھانٹ کرکے انہیں خوبصورت بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ وہ ہر اتوار کو کسی ایک پارک کا دورہ کریں گے تاکہ وہ پارکوں کی صورتحال سے واقف رہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here