علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ ماہ ربیع الاول کے دوران مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور اتحاد بین المسلمین کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں،ایڈمنسٹریٹر

0
1178

علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ ماہ ربیع الاول کے دوران مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور اتحاد بین المسلمین کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں،ایڈمنسٹریٹر
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے علماء کرام سے اپیل کی ہے کہ ماہ ربیع الاول کے دوران مذہبی رواداری کو فروغ دیں اور اتحاد بین المسلمین کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں، شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے ٹیم ورک یقینی بنایا، اولین ترجیح سڑکوں، فٹ پاتھوں اور اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کو دی، ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے لئے بھی انتظامات کر رہے ہیں، یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میرے دائرہ اختیار میں جو بھی مسائل آتے ہیں انہیں بغیر کسی تاخیر کے حل کروں گا اورجن مسائل کی علماء کرام نشاندہی کریں گے ان کے لئے دیگر اداروں کے ساتھ رابطہ کرکے انہیں حل کرانے کی بھی کوشش کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں ماہ ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں محمد یحییٰ عطاری، سلیم قادری، ڈاکٹر جمیل راٹھور، مولانا اکبر درس، محمد حسن مسعودی، عباس بادامی، سید اکبر شاہ ہاشمی، ڈاکٹر فیروز الدین رحمانی، علامہ حسن مسعودی، علامہ زہیر عابدی، مفتی محمد نوید عباسی، محمد یعقوب عطاری، عمران احمد سلفی، محمد سلیم عطاری، ایس ایس مسرور ہاشمی، سید علی کرار نقوی، محمد شفیع قادری، جاوید قادری، عبدالقادر نورانی، محمد اظہر قادری، شہزاد قادری، شہاب اقتدار، صاحبزادہ محمد ولید رضا، احمد الرحمن، عبدالرحمن، قاری محمد حسین، محمد زبیر شمسی، عبداللہ قادری، فرید قادری، سید رفیق شاہ، محمد آصف قادری، پروفیسر ڈاکٹر مقبول نوری، حافظ امان قادری، محمد شہباز رضا، ابرار چوہان، سلمان ستار، یونس رضا جعفری، نسیم احمد خان،محمد بلال عطاری، محمد وسیم قادری، محمد ناصر عطاری، مولانا عبدالماجد فاروقی، مفتی عبدالغفور اشرفی، محمد اویس رضا قادری، ناصر حسین، محمد سلیم الدین اور دیگر علمائے کرام، محافل سیرت النبیؐ اور جلوس کے منتظمین کے علاوہ میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنرز اور کے ایم سی افسران نے بھی شرکت کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اجلاس میں علماء کرام کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رحمتوں، برکتوں اور سعادتوں کا مبارک مہینہ ربیع الاول چند ہی دنوں بعد شروع ہوا چاہتا ہے اس ماہ مبارک میں نبی کریم ﷺ کی دنیا میں آمد کی مناسبت سے جلسوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جس سے علمائے کرام خطاب کرتے ہیں اور شہر میں نکلنے والے جلوسوں میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کرتی ہے،صفائی ستھرائی، پانی، سیوریج اور بجلی کا انتظام کے ایم سی کے پاس نہیں ہے لیکن جو ادارے یہ کام انجام دیتے ہیں کے ایم سی ان کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہم سب کی یہ بھر پور کوشش ہے کہ ان بلدیاتی مسائل پر جلد از جلد قابو پالیں اور سڑکوں، پلوں، فلائی اوورز کو بہتر کیا جائے، انہوں نے کہا کہ 2020 کاسال مشکل ثابت ہوا، اس دوران غیر معمولی بارشوں اور کووڈ۔19 کا چیلنج درپیش رہا ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر اور سڑکوں کو جلد از جلد بہتر بنائیں، انجینئرز اور پوری ٹیم کو ہدایات جاری کر دی ہے کہ تمام سڑکیں اور گلیاں ٹھیک کریں، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے جو ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں مکمل رابطہ ہے ان کے پاس اختیار بھی ہے اور وسائل بھی، متعلقہ اداروں کے ذریعے ڈرینج اور صفائی کے کام بھی ترجیحی بنیادوں پر کرا رہے ہیں، فوری طور پر جہانگیر روڈ اور تین ہٹی پل پر کام کیا گیا، شہر کے اہم پارکس کو شہریوں کے لیے کھول دیا اور وہاں صفائی اور تزئین وآرائش کے کام کرائے، کچرا کنڈیاں ختم کیں، شہر میں ماحولیاتی بہتری کے لئے بھی کوشاں ہیں اور زیادہ سے زیادہ شجر کاری اور سبزہ کاری کر رہے ہیں جبکہ اسٹریٹ لائبریریاں بھی بنائیں اور ان میں اضافہ کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں علماء کرام سے درخواست ہے کہ وہ ان لائبریریوں میں رکھنے کے لیے مذہبی کتابوں کا عطیہ دیں جنہیں قاری شوق سے پڑھیں گے اور ان کی دینی معلومات میں اضافہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ شہر میں مثبت سرگرمیوں بشمول کھیلوں کے فروغ پر بھی توجہ دی ہوئی ہے، شہر کی بہتری کیلئے ہونے والے کاموں میں این جی اوز و دیگر نجی اداروں کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہم علماء کرام کے ساتھ ہیں اور مسائل کے حل کیلئے ان کی تجاویز پر عمل کریں گے، ربیع الاول کے پروگراموں کے سلسلے میں تمام مذہبی تنظیموں سے رابطہ قائم ہے، شہری انتظامیہ انہیں ربیع الاول کے دوران مکمّل سہولیات فراہم کرے گی، اجلاس کے دوران علماء کرام نے کراچی کے مختلف اضلاع میں ربیع الاول کے جلوسوں اور دیگر پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے درخواست کی کہ انہیں جلد از جلد حل کیا جائے، انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اس سلسلے میں اپنے بھرپور تعاون کا بھی یقین دلایا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے علماء کرام سے درخواست کی کہ کراچی کی بہتری اور ترقی کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور شہر میں مذہبی رواداری، بھائی چارگی، مساوات اور اتحاد بین المسلمین کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں تاکہ شہر کا امن برقرار رہے، آپ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ امن کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here