کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیکلٹی کی کمی کو پورا کریں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1792

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیکلٹی کی کمی کو پورا کریں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی
کراچی: (طلعت محًمود اسٹآف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی فیکلٹی کی کمی کو پورا کریں گے، ہاؤس آفیسرز کی تنخواہوں کے مسائل فوری حل کئے جائیں اور جن ڈاکٹرز اور پروفیسرز کی ترقیاں ہونی ہیں اس پر فوری کارروائی کی جائے گی ، یہ بات انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جو ہاؤس آفیسرز یہاں کام کررہے ہیں ان سے انہیں پوری ہمدردی ہے لہٰذا ان کی تنخواہ کے مسائل بلاتاخیر حل ہونے چاہئیں انہوں نے ہاؤس آفیسرز کی موجودگی میں ان کی تنخواہیں ادا کرنے منظوری دی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم ڈی سی کے بجٹ میں ایک کروڑ کے شارٹ فال کے لئے وہ حکومت سندھ سے درخواست کی ہے، کے ایم ڈی سی میں تنخواہوں میں اضافہ اور انکریمنٹ سمیت ساڑھے 5 کروڑ روپے ماہانہ کی ضرورت ہوتی ہے، قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج پہنچے تو کالج کی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا اس موقع پر کالج آف میڈیسن کے پرنسپل ڈاکٹر خالد اشرفی اور وائس پرنسپل پروفیسر آفتاب امتیاز، کالج آف ڈینٹسٹری کے پرنسپل ڈاکٹر سید شیراز حسین اور وائس پرنسپل پروفیسر سید شاہ فیصل کے علاوہ دیگر سینئر پروفیسرز اور ڈاکٹرز بھی موجود تھے،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کے ایم ڈی سی کی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور اسے اپ گریڈ کرنے کے احکامات دیئے، انہوں نے کہا کہ جدید خطوط پر آراستہ لائبریری میڈیکل کے طالب علموں کے لئے بنیادی ضرورت ہے کیونکہ گوگل سرچ انجن معلومات تو دے سکتا ہے لیکن علم نہیں، سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کتاب کا متبادل ہرگز نہیں ہوسکتے، اپنے علم میں اضافے کے لئے کتاب کی افادیت کو سمجھنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ اس کالج میں زیادہ تر غریب و متوسط طبقے کے طالب علم زیر تعلیم ہیں اور یقینا وہ یہ چاہتے ہوں گے کہ اطمینان اور سکون سے لائبریری میں بیٹھ کر مطالعہ کریں، اگر انہیں بہتر ماحول فراہم نہ کیا گیا تو اس سہولت سے استفادہ نہیں کرسکیں گے لہٰذا لائبریری کو اتنا بہتر اور پرسکون بنائیں کہ تمام طالب علم یکسائی کے ساتھ یہاں اپنے کورس کی کتابوں اور دیگر ریفرنس کتب سے مستفید ہوسکیں، انہوں نے کالج میں ای لیب بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر لیبارٹری کو مزید موثر اور جدید بنایا جاسکے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر کالج آف ڈینٹسٹری المنائی کے زیر اہتمام 25 کمپیوٹرز پر مشتمل لرننگ ریسرچ سینٹر (LRC) کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا، یہ ریسرچ سینٹر کالج کے سابقہ اور موجودہ طالب علموں اور اساتذہ نے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے LRC کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کالج کے طالب علموں اور اساتذہ نے ایک اچھی مثال قائم کی ہے اگر اسی طرح آگے بڑھا جائے تو یہ کالج ایک بار پھر ایک مثالی میڈیکل کالج میں تبدیل ہوسکتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم ڈی سی میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات سے بات چیت کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر رکھیں، انتظامی معاملات کو کے ایم سی کی انتظامیہ حل کرے گی، انہوں نے کہا کہ آپ کے والدین نے آپ کو بہت محنت سے پڑھایا ہے اور ان کی بدولت ہی آپ یہاں تک پہنچے ہیں لہٰذا اب اپنی تمام تر توانائی کو اپنے مقصد کے حصول کے لئے وقف کردیں اور بہترین تعلیم و تربیت حاصل کرکے اپنے والدین، کالج، شہر اور ملک کے لئے باعث عزت بن جائیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور اسے شہر کا بہترین کالج بنائیں گے۔انہوں نے اس موقع پر شجر کاری مہم کے تحت کالج کے احاطے میں پودا بھی لگایا.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here