نصاب کو موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق تبدیل کریں گے، وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن کا سیمنار سے خطاب

0
1526

نصاب کو موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق تبدیل کریں گے، وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن کا سیمنار سے خطاب
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن نے کہا ہے کہ نصاب کو دور حاضر کی ضروریات کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کے شعبہ اکاونٹنگ، بیکنگ اور فنانس کے زیر اہتمام ”اسلامک فائنانس اور اس سے متعلق نصاب کا جائزہ “ کے عنوان سے منعقد ہونے والے سیمنارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی بینکنگ سے متعلق کچھ مضامین کو بھی نصاب کا حصہ بنانے پر بھی غور کیا جائے گا، اسلامی بینکنگ ایک نازک موضوع ہے جسے پہلے خود سمجھنا ضروری ہے، ہمیں چاہیئے کہ ناصرف مسلمان ممالک بلکہ غیرمسلم ممالک میں بھی اسلامی بینکنگ کو اجاگر کریں،انہوں نے شعبہ اکاونٹنگ، بیکنگ اور فنانس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سیمینار منعقد کرنے پر ان کی تعریف کی۔
اس موقع پر آئی بی اے کے سینیٹر فار ایکسی لینس ان اسلامک فائنانس کے ڈائریکٹر احمد علی صدیقی نے سیمنار سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دورمیں سب سے زیادہ پوچھاجانے والا سوال یہ ہوتا ہے کہ آیا بینکنگ بھی اسلامی ہوتی ہے کہ نہیں، جبکہ یہ ایک جامع معاشی نظام ہے اوردنیا بھر میں اسلامی بینکنگ میں مزید تقویت آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کرنا یا پارٹنرشپ کرنا اسلامی بینکنگ کے زمرے میں آتا ہے لیکن سود پر قرض دینا یا لینے کی اسلام میں ممانعت ہے، شرکا کو اعداد و شمار بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں 1300 سے زائد اسلامک فنانشل انسٹیٹیوشنز ہیں جنکا ٹوٹل حجم دو اعشاریہ آٹھ ٹریلین ہے جبکہ دنیا بھر میں 150 ملین سے زائد صارف اسلامی بینکنگ استعمال کررہے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے سینٹر فار ایکسیلنس اسلامک فائنانس کی اسسٹنٹ پروفیسر ارم صبا کا کہنا تھا کہ آج کے اس سیمنار کے انعقاد کا مقصد اسلامی بینکنگ کو فروغ دینا ہے کیونکہ آئندہ دور اسلامی بینکنگ کا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نا صرف عملی زندگی میں بلکہ طلبہ کو بھی اس حوالے سے تیار کریں اور اس کےلئے اہم ہے کہ انڈر گریجوئیٹ سطح پر کم از کم ایک کورس متعارف کرائیں اور آخری سال میں کوئی اسپشلائزڈ کورس کا اعلان کریں، انہوں نے مذید کہا کہ فیلڈ میں ہزاروں اسلامک بینکنگ کی نوکریاں موجود ہیں لیکن امیدوار موجود نہیں ہیں۔
سیمنار سے شعبہ کے چیئرپرسن اور ڈٰین ڈاکٹر جمشید عادل نے بھی خطاب کیا، تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانوں کو شیلڈ بھی پیش کی۔ جبکہ سیمینار میں طالبعلموں اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here