کورونا وائرس سے ابھی ہم جیتے نہیں ہیں اس کے خلاف جنگ جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی

0
1178

کراچی (طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہاہے کہ کورونا وائرس سے ابھی ہم جیتے نہیں ہیں اس کے خلاف جنگ جاری ہے اور جیت کے قریب ہیں لیکن اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو نتائج یکسر تبدیل ہوسکتے ہیں، میری تجویز ہے کہ ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے، یہ بات انہوں نے ڈاکٹر عیسیٰ فزیواینڈ ری ہیبی ٹیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مختلف ملکوں کے قونصل جنرل، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ سمیت معززین شہر کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، انہوں نے کہا کہ فزیو تھراپی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور یہ بیماریوں کا موثر ترین علاج ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی میں رہنے کے بجائے ماضی سے سیکھنا چاہئے، شہر کو آگے کی طرف لے جانا ہے بزنس کمیونٹی کراچی کو بہتر کرنے میں ہماری مدد کرے کراچی کا المیہ یہ ہے کہ یہ شہر ابھی تک بنیادی مسائل سے دوچار ہے، انہوں نے کہا کہ شہر کے تین بڑے مسائل فوری حل کرنے کی ضرورت ہے جن میں پینے کے پانی، ٹرانسپورٹ اور سیوریج کے مسائل شامل ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کچھ شہری ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن شہریوں کی ایک بڑی تعداد ایس اوپیز پر عمل نہیں کرتی، انہوں نے کہا کہ ہمیں ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، اپنے آپ کو اور دوسرے لوگوں کو اس بیماری میں مبتلا ہونے سے بچانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا وائرس نے بری طرح متاثر کیا ہے اور پاکستان بھی ایسے ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بیماریوں سے بچنے کے لئے موثر ترین ہتھیار احتیاط ہے، انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم کسی بھی بیماری یا وبا کو شکست دے سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں جوڑوں کے درد اور ہڈیوں کی بیماری عام ہے اور اس سے فزیو تھراپی کے ذریعہ نجات حاصل کرسکتے ہیں، ڈاکٹر فرحان عیسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فزیو تھراپی کے حوالے سے شہر میں 4 سینٹر بنائے گئے ہیں اور ان سینٹرز پر جدید طریقہ سے علاج کیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی محفوظ اور موثر طریقہ کار ہے ہم فزیو تھراپی کے ذریعہ بیماریوں سے آسانی سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ فزیو تھراپی کے مختلف ممالک میں الگ الگ طریقہ کار ہیں جس کے ذریعہ بیمار افراد کا علاج کیا جاتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here