ضیاءالدین یونیورسٹی کے سترھویں کانووکیشن کا انعقاد، 557 طلبہ کو اسناد تقویض

0
1638
Dr Asim Hussain,Chancellor

ضیاءالدین یونیورسٹی کے سترھویں کانووکیشن کا انعقاد، 557 طلبہ کو اسناد تقویض
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ضیاءالدین یونیورسٹی کا سترھواں جبکہ پہلے ورچوئل جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب اتوار کی صبح 11 بجے منعقد کی گئی جسے ضیاءالدین یونیورسٹی کے فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا گیا۔ کوویڈ 19 کے پھیلاو کے پیش نظر یہ پہلا موقع ہے کہ ضیاءالدین یونیورسٹی کا سترہواں جلسہ تقسیم اسناد ورچوئل منعقد کیا گیا جس میں ایم فل اور پی ایچ ڈی سمیت 557 گریجویٹس کو اسناد تفویض کی گئی جبکہ نمایاں کارکردگی کے حامل دس طلبا و طالبات کو سر ضیاءالدین گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔
اسناد حاصل کرنے والوں میں ضیاءالدین کالج آف مڈیسن، کالج آف ڈینٹسٹری، کالج آف اسپیچ لینگویج اینڈ ہیئرنگ سائنسز، کالج آف ریہیبلیٹیشن سائنسز، کالج آف میڈیکل ٹیکنالوجی، کالج آف نرسنگ، بایو میڈیکل انجینئرنگ، فیکلٹی آف فارمیسی اور کالج آف میڈیا سائنسز اور کے طلبا و طالبات شامل ہیں۔
اس موقع پر ضیاءالدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹرعاصم حسین نے کامیاب گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یقینا آج کا دن آپ تمام لوگوں کی زندگیوں میں یادگار رہے گا۔ یہ نوجوان آج اپنی منزل پالینے میں کامیاب ہوئے ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ یہاں سے گریجویٹ ہونے والے طلبہ و طالبات معاشرے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر عاصم حسین نے طالب علموں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی پیشہ وارانہ اخلاقیات کو ہمیشہ مدنظر رکھیں اور بلا امتیاز مذہب، قومیت، سیاست اور سماجی رتبے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی خدمات انجام دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ضیاءالدین یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم اپنی ذہانت کے بل بوتے پر دنیا بھر میں پاکستان کانام روشن کر رہے ہیں۔
ضیاءالدین یونیورسٹی کے سترھویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر پیر زادہ قاسم رضا صدیقی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کی کارکردگی، مزید شعبوں میں اضافے کے لئے اقدامات اور جامعہ کے و ژن پر کرتے ہوئے کہا ہے ضیاءالدین یونیورسٹی بہت جلد سکھر اور ملک سے باہر اپنے کیمپسز کا آغاز کرنے والی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں تعلیمی نظام کو ترک کرنے کے بجائے کوئی ایسا قدم اٹھانا تھا کہ ہمارا نظام تعلیم متاثر ہوئے بغیر باقاعدگی سے چلتا رہے، لہذا ہم نے آن لائن کلاسز اور آن لائن امتحانات بہت کامیابی سے منعقد کرائے۔ اسی آن لائن تعلیمی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ہم نے آج آن لائن کانووکیشن کا انعقاد کیا تاکہ ہماری تعلیمی سرگرمیاں کورونا وبا کی وجہ سے متاثر نہ ہو سکیں۔
اس موقع پر پروفیسر پیرزادہ قاسم نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آ ٓج آپ تمام نوجوانوں نے اپنی خوابوں کی تعبیر پا لی ہے۔ مجھے آپ سب پر بے حد فخر ہے اور امید ہے کہ آپ اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلا حیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
سترھویں کانووکیشن کی تقریب میں ضیاءالدین یونیورسٹی کی پرو چانسلر ڈاکٹر ندا حسین کی جانب سے نمایاں کارکردگی کے حامل دس طلباءو طالبات کو سرضیاءالدین گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ارمینہ انیس ( ایم بی بی ایس)، شیزا احمد( بی ڈی ایس)، منیزا ناصر ( ڈی پی ٹی)، ماریہ زاہد ( اسپیچ لینگوئج تھراپی) ، راجر مسیح ( نرسنگ) ، انمتا ریاست، ( یڈیکل ٹیکنالوجی ، سی ایل ایس ) ، قیوم علی شاہ (میڈیکل ٹیکنالوجی)، شرن بیرجلال( فارم ڈی)، منیرہ محمدی زری والا ( بائیو میڈیکل انجنئیرنگ)، ثانیہ یوسف (میڈیا سائنسز) شامل ہیں ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here