باغ جناح میں 18 اکتوبر 2020 کو ہونے والے جلسہ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، پارٹی کے عہدیداروں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا

0
478

باغ جناح میں 18 اکتوبر 2020 کو ہونے والے جلسہ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، پارٹی کے عہدیداروں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا
کراچی :(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت سانحہ 18 اکتوبر 2007 کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے باغ جناح میں 18 اکتوبر 2020 کو ہونے والے جلسہ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔جلسہ گاہ میں اسٹیج کی تیاری، کرسیاں لگانے کا سلسلہ اور لائٹنگ کا کام جاری ہے۔بدھ کی صبح وزیر تعلیم و محنت سندھ و پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، صوبائی جنرل سیکرٹری وقار مہدی، محمد جاوید ناگوری، نجمی عالم، سردار خان، آصف خان سمیت دیگر پارٹی کے عہدیداروں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایس پی جمشید زبیر شیخ اور دیگر پولیس کے اعلیٰ اہلکار بھی جلسہ گاہ میں موجود تھے. اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم و محنت سعید غنی نے کہا کہ جلسہ گاہ میں اسٹیج اور اس کے اطراف کی سیکورٹی ایس ایس یو کے سپرد کردی گئی اور ان کے کمانڈوز نے یہ ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، اس موقع پر ایس پی جمشید زبیر شیخ نے جلسہ کی سیکورٹی، ٹریفک پلان سمیت دیگر کے حوالے سے سعید غنی اور دیگر کو آگاہ کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جلسہ کی تیاریوں اور جلسہ والے روز بھی ٹریفک کی روانی کم سے کم متاثر ہوں اور سیکورٹی کے نام پر راستوں کو کم سے کم بند کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ اتوار کو جلسہ سے قبل کوئی سڑک ٹریفک کے لئے بند نہ ہو تاکہ عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ جلسہ گاہ میں شرکاء کے داخلے بالخصوص خواتین کے داخلے کے لیے ایسے راستے متعین کئے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، میڈیا کے لیے علیحدہ راستے بنائے گئے ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سعید غنی نے اسٹیج کی تیاری کے حوالے سے تفصیلات طلب کی۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ جلسہ کے لئے 180 فٹ لمبا، 60 فٹ چوڑا اور 20 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا جارہا ہے، جس کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ میڈیا کے لئے علیحدہ اسٹیج بنایا جارہا ہے۔ سعید غنی کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا کہ گراؤنڈ میں سماجی فاصلہ کے تحت 50 ہزار کرسیاں لگائی جارہی ہیں جبکہ ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس کی تنصیب کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ گراؤنڈ میں اسٹیج کے عین سامنے کے حصہ کو خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے جبکہ باقی مانندہ گراؤنڈ میں چاروں اطراف اسپیکرز اور لائٹس کی تنصیب شروع کردی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here