جامعہ کراچی شعبہ کمپیوٹر سائنس اور مشہور عالمی آرگنائزیشن جیٹ برینز کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0
1138

کراچی :(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی: شعبہ کمپیوٹر سائنس اور مشہور عالمی آرگنائزیشن جیٹ برینز کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور مشہور عالمی آرگنائزیشن جیٹ برینز کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گذشتہ روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔تقریب میں جیٹ برینز کی کسینیاشینی ویز نے سینٹ پیٹرز برگ سے ویڈویوکانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے جبکہ جیٹ برینز کی جانب سے مینجر برائے ایجوکیشن سینیاشینی ویز نے مفاہمتی یادداشت پر ڈیجیٹل دستخط کئے۔
مذکورہ مفاہمتی یا دداشت کا مقصد جامعہ کراچی کے طلبہ کو اینڈرائڈ کی آفیشل پروگرامنگ لینگویج (کوٹلن) جو کہ جیٹ برینز کی پروڈکٹ ہے سے طلباوطالبات کو روشناس کرانا اور مختلف بین الاقوامی پروجیکٹس کے ذریعے ان کی تربیت کرنا شامل ہے۔علاوہ ازیں مفاہمتی یادداشت کے مطابق اساتذہ اور ریسرچرز کو جیٹ برینز کے پلیٹ فارم پر موجود ایسے پروڈکٹس جو کہ ایم آئی ٹی،اسٹینڈفورڈ،یو سی ایل اے اور ڈیوک یونیورسٹی کے اساتذہ، ریسرچرز اور طلباوطالبات کی تربیت کے لئے استعمال کرتے ہیں،ان سے آگاہی فراہم کرنا اور تربیتی مواد کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمو دعراقی نے کہا کہ ہم عام طور پر اکیڈمک سے اکیڈمک لینکیجزکے حوالے سے تو بہت کام کرتے ہیں لیکن انڈسٹریز کے ساتھ اس طرح کے روابط کو فروغ دینے سے طلبہ کو عصر حاضر کے جدید عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے مواقع میسر آنے کے ساتھ ساتھ انہیں عالمی سطح پر روز گار کے بھی بہترین مواقع میسر آئیں گے۔موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کرکے ہی موجودہ چیلنجز کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔جامعہ کراچی پہلی دفعہ ڈیجیٹل ورلڈ کو استعمال کرتے ہوئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کررہی ہے۔
جیٹ برینز کی مینجر برائے ایجوکیشن سینیاشینی ویز کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جس کے ساتھ ہم باضابطہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کررہے ہیں۔اب جامعہ کراچی بھی ایم آئی ٹی،اسٹینڈفورڈاور ڈیوک یونیورسٹی کی طرح جیٹ برینز کی مختلف انوائرمنٹس کے حوالے سے طلبہ کی تربیت کرسکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں کروناوائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں فاصلے بڑھتے جارہے ہیں وہیں پر جدید ٹیکنالوجی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنادیا ہے اور اسی ٹیکنالوجی کی بدولت آج ہم کروناوائرس جیسی وبا کے باوجود مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کرپائے ہیں۔
چیئر مین شعبہ کمپیوٹرسائنس جامعہ کراچی ڈاکٹر ندیم محمود نے کہا کہ جامعہ کراچی کی روز اول سے ہی کوشش ہے کہ طلباوطالبات کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں اور مذکورہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ہمارا مقصد صرف معاہدے کرنا ہی نہیں بلکہ عملی طور پر طلباوطالبات کو بین الاقوامی ضروریات کے مطابق عالمی سطح کے لئے تیار کرنا ہے۔اس موقع پر مشیر امور طلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن اور شعبہ کمپیوٹرسائنس کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here