کراچی میں بین الاقوامی طرز پر میراتھن کا انعقاد کیا جائیگا۔افتخار شالوانی

0
1344

شہر میں صحت بخش اور تعمیری سرگرمیوں کا فروغ اولین ترجیح ہے،کھیلوں کی تنظیمیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے فروغ
ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کا غلام محمد خان کی سربراہی میں کھیلوں کی تنظیموں کے وفد سے ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ کراچی میں بین الاقوامی طرز پر میراتھن ریس کا انعقاد کرایا جائے گا جس میں شہریوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، شہر میں صحت بخش اور تعمیری سرگرمیوں کا فروغ اولین ترجیح ہے جس کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر قائد کے معروف اسپورٹس آرگنائزر KBBA کے صدر غلام محمد خان کی سربراہی میں اپنے دفتر میں ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرپاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد جمیل شمسی، پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر شاہدہ پروین کیانی، سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت،وائس چیئر مین آصف عظیم، نائب صدر انجینئر محفوظ الحق،سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر ماسٹر اصغر بلوچ،پاکستان یوگا اسپورٹس فیدریشن کے سیکریٹری جنرل خالد بروہی،سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد،سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے فنانس سیکریٹری اعجاز احمد قریشی،سابق ہاکی کوچ سماجی رہنماء محمد اخلاق،KBBA کے قانونی مشیر غلام عباس ایڈوکیٹ، کھیلوں کے سرپرست معروف فیشن ڈیزائنر ندیم احمد معاذ جی،سندھ فٹ بال ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئر مین محمد سلیم خمیسانی،سندھ ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری نفیس احمد اور دیگر اسپورٹس کی تنظیموں کے عہدیدار بھی موجود تھے،افتخار شالوانی نے کہا کہ وہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لئے پہلے بھی کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کھیلوں کی سرگرمیوں کی سرپرستی اور رہنمائی جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ قبل ازیں کراچی میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کو کامیابی سے منعقد کرایا گیا اور دو میراتھن ریس بھی منعقد کراچکے ہیں جس میں بین الاقوامی شخصیات کے ساتھ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا، امید ہے کہ کراچی میں ہونے والی آئندہ میراتھن ریس میں بھی شرکاء اسی جذبے کے ساتھ شریک ہوں گے اور ہم شہر میں ایک بڑا اور اہم ایونٹ منعقد کرنے میں کامیاب رہیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ کھیلوں کی تنظیمیں مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے فروغ میں حصہ لیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی جاری رکھیں جس سے ملک کو بہترین ٹیلنٹ میسر آئے گا اور بین الاقوامی سطح پر قومی پرچم بلند رہے گا، انہوں نے کہاکہ کراچی نے ہر کھیل میں بہترین کھلاڑی پیدا کئے ہیں اور ان کی تربیت میں کھیلوں کی تنظیموں نے نہایت فعال کردار ادا کیا ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک شہری ادارہ ہونے کے ناطے اپنی روایت کے مطابق شہر میں منعقد ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں کی پذیرائی اور سرپرستی جاری رکھے گی اور کھیلوں کے میدانوں کو بہتر بنا کر نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی تنظیمیں اپنی تجاویز دیں جن پر غور کیا جائے گا اور ہر سطح پر کھیل اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، وفد کے سربراہ غلام محمد خان نے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں اور انہیں اس سلسلے میں تمام اسپورٹس کی تنظیموں کا تعاون حاصل رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here