صرف ٹریفک حادثات میں ہر برس 12 سے 13 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں جبکہ کوروناوائرس سے تاحال تقریباً3800 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈاکٹر عابد اظہر

0
1397

کورونا وائرس کا خوف وہراس اور افواہیں پھیلا کر مفاد پرست لوگ اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر صائمہ سلیم
ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر عابد اظہر نے کہا کہ پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے نتیجہ میں تقریباً 9 کروڑ افراد ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں کی تعداد ان سے کئی گُنازیادہ تھی۔ کو رونا وائرس سے تا حال ایک لاکھ سے زائد افرا د متاثر ہوئے ہیں اور ان میں سے تقریباً 3800 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ وبائی امراض سے، جن میں ہیضہ، طاعون، چیچک اور انفکوئنزاشامل ہیں سے 30 سے 50 کروڑ افراد ہلاک ہو چکے ہیں،اس کے علاوہ دیگر امراض میں مُبتلاتقریباً 3 کروڑ لوگ ہر برس لُقمہ اجل بن جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف ٹریفک حادثات میں ہر برس 12 سے 13 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں۔تا حال پاکستان میں صرف7 افراد میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جومختلف ہسپتالوں میں زیر نگہداشت ہیں۔ اتفاقاً یہ تمام افراد یہ وائرس ایک پڑوسی ملک سے لائے تھے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام انسٹی ٹیوٹ ہذا کی سماعت گاہ میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے طلبہ اور عملے کے لئے منعقدہ سیمیناربعنوان: ”کرونا وائرس سے آگاہی“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کی ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر صائمہ سلیم نے بتایا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وائرس کے پھیلنے کو روکا جا سکتا ہے۔ ہاتھوں کی صفائی، صحتمند غذا اور متاثرہ افراد کو دیگر لوگوں سے علیحدہ رکھنے سے اس وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل نہیں ہوتا اس لئے گوشت کھانا بالکل محفوظ ہے۔اچھی طرح پکانے سے گوشت پر موجود دیگر جراثیم بھی ختم ہو جاتے ہیں،حالانکہ اب تک کورونا وائرس کا علاج یا حفاظتی ٹیکہ دستیاب نہیں ہے مگر یہ جسم میں خود بخود زیادہ سے زیادہ 15 سے 20 دن میں ختم ہو جاتا ہے۔ یہ گرم موسم برداشت نہیں کر سکتا اورکھلی فضا میں ایک گھنٹے سے زیادہ باقی نہیں رہتا۔انہوں نے مزید کہا کہ مفاد پرست لوگ افواہیں پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here