شہر قائد نے بے حد مشکل وقت دیکھا مگر اب شہر میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے کہیں بہتر ہے،ابھی بھی اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جو ہم کر رہے ہیں۔آئی جی سندھ

0
1768

جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے فارغ التحصیل طلبہ آج پورے پاکستان کی کارپوریٹ سیکٹرمیں کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی
آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ جامعہ کراچی میری مادر علمی ہے جہاںمیں نے 1983 میں داخلہ لیا اور شعبہ فلسفے میں ماسٹرز کی سند حاصل کی۔یہاں کے اساتذہ سے میں نے بہت کچھ سیکھا اور ان کی انتھک محنت اور تربیت کے نتیجے میں میں نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا۔ انھوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ سی ایس ایس کے امتحانات میں شرکت کرکے پولیس اوردیگرسول سروسز میں شامل ہو کر ملکی خدمت وترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔جرائم کی روک تھام بے حد مشکل کام ہے،شہر قائد نے بے حد مشکل وقت دیکھا مگر اب شہر میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے کہیں بہتر ہے۔ابھی بھی اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جو ہم کر رہے ہیں۔ہم نے اپنے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا ہے، بھرتیوں کو میرٹ پرکرنا ہے اور کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام الناس کے تعاون سے اس شہر کو جرائم سے پاک بنانا ہے۔سندھ پولیس کے 2600 اہلکار شہید ہوئے اور ہزاروں شدید زخمی ہوئے جو ان کی قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام شعبہ ہذا میں منعقدہ ”سالانہ عشائیے “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر سید کلیم امام نے مزید کہا کہ میں وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کا بے حد مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے ایک بار پھر اپنی مادر علمی آنے کی دعوت دی اور آپ سب سے مخاطب ہونے کا موقع دیا۔ہم جامعہ کراچی کے مختلف پروگرامز میں شمولیت چاہتے ہیں،جس میں انسداد منشیات اور کمیونٹی پولیسنگ کے پروگرامز منعقد کرنا شامل ہیں،آج کے طلبہ کل ملک کے اہم فیصلہ سازوں میں سے ایک ہونگے۔
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کا المنائی ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔آئی جی کراچی ڈاکٹرسید کلیم امام ہمارے درمیان موجود ہیں اور میں انکی شرکت پر ان کا بے حد ممنون ہوں۔جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے فارغ التحصیل طلبہ آج پورے پاکستان کی کارپوریٹ سیکٹرمیں کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی تاریخ بےحد روشن ہے اوراس کا مستقبل بھی تابناک ہے۔شعبہ کے قیام میں ڈاکٹر سید ارشد کریم،ڈاکٹر ابوزر واجدی،ڈاکٹر سید ہمایوں اور دیگر اساتذہ کا اہم کردار ہے،اس شعبہ نے شعبہ سیاسیات سے جنم لیااور ایک ڈگری پروگرام سے آغاز کیا۔ ایک پروگرام سے ان بیس سالوں میں ہم 8 پروگرامز تک پہنچے،25 طلبہ سے شروع ہونے والے شعبے میں آج لگ بھگ 2000 طلبہ زیر تعلیم ہے۔یہ ایک بہترین ٹیم ورک، کمٹمنٹ اور انتھک جدوجہد کی کامیا ب داستان ہے۔ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، ہمارے فارغ التحصیل طلبہ ہمارے خاندان کے اہم فرد ہیں۔ہمیں ہمارے طلبہ کو سرکاری شعبوں بالخصوص پولیس کے شعبے میں جانا چاہئے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ اس شہر میں امن امان کی بہتری اورپولیس کے شعبے میں اصلاحات و تربیت میں موجودہ آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کاکلیدی کردار ہے۔میں اپنے المنائیز کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ شعبے اور کارپوریٹ سیکٹر میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں ، یہ سلسلہ جاری رکھیں اور ہمیں آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی کے طلبہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں کلیدی مناصب پر فائز ہیں جو شعبہ ہذا میں دی جانے والی بہترین تدریس وتربیت کا منہ بولتاثبوت ہے اور اس وقت اس شعبہ سے تعلق رکھنے والے تین پروفیسرز وائس چانسلرز کے عہدوں پر فائزہیں جو ہم سب کے لئے باعث فخر ہے۔
ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے کہا کہ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی کے طلبا وطالبات کارپوریٹ سیکٹر میں لیڈنگ رول اداکررہے ہیں،شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن نے اپنے قیام سے لے کر اب تک نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے باصلاحیت گریجویٹس کے ذریعے اپنا لوہا منوایاہے۔
جامعہ کراچی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر سید ارشد کریم نے کہا کہ کراچی کے طلبہ کی مقابلے کے امتحان میں کامیابی کی شرح دیگر صوبوں کے مقابلے میںکم ہے سی ایس ایس کے امتحانات میں تواتر کے ساتھ حصہ لینے سے اس تعداد کو بڑھایا جاسکتا ہے۔جامعہ کراچی کے دوشعبہ جات ایسے ہیں جنہوں نے تین تین وائس چانسلر زپیدا کئے ان میں شعبہ نباتیات اور شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن شامل ہیں۔
………………………………………………………………
جامعہ کراچی: ایوننگ پروگرام میں بیچلرز ،ماسٹرزاورپوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی داخلہ فہرستیں جاری
کلیم فارم 08 جنوری جبکہ ڈونرز نشستوں پر داخلوں کے لئے فارم 09 جنوری 2020 ءتک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ایوننگ پروگرام میں بیچلرز/ ماسٹرزپروگرام میں ہونے والے داخلوں اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامزکے داخلے برائے سال 2020 ءکی داخلہ فہرستیں جاری کردی گئیں ہیں۔ایسے طلباوطالبات جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرستوں میں آچکے ہیں وہ اپنی داخلہ فیس10 جنوری2020ءتک دوپہر3:00 تاشام 7:00بجے تک جمع کراسکتے ہیں۔
طلبہ اپنے آن لائن پورٹل سے انرولمنٹ فیس واﺅچراور انرولمنٹ فارم کا پرنٹ لینے کے بعد متعلقہ دستاویزات کی جامعہ کراچی کے جمنازیم ہال میں قائم داخلہ کمیٹی کاﺅنٹرز سے تصدیق کرانے کے بعد یوبی ایل بینک کاﺅنٹرپر اپنی داخلہ فیس جمع کراسکتے ہیں ۔واضح رہے کہ داخلہ فیس صرف یوبی ایل جامعہ کراچی کے مین کیمپس برانچ میں جمع کرائی جاسکتی ہے اس کے علاوہ کوئی اور بینک داخلہ فیس وصول کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔
ایسے طلباوطالبات جو جاری کردہ داخلہ فہرستوں سے مطمئن نہیں ہیں وہ08 جنوری2020 ءتک اپنے آن لائن پورٹل سے کلیم فارم داخل کرسکتے ہیں۔طلباوطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ جامعہ کراچی کی جانب سے جاری کردہ کلوزنگ پرسنٹیج کو مد نظر رکھتے ہوئے کلیم فارم جمع کرائیں۔ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے ،ان شعبہ جات کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جو ان شعبہ جات کے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈونرز نشستوں پر داخلوں کے لئے فارم 09 جنوری2020ءتک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔
ڈونرز نشستوں کے آن لائن فارم جمع کرانے کے بعد طلبہ اپنے اصل پے آرڈر اور ڈونرز نشست کے داخلہ فارم کی فوٹو کاپی جامعہ کراچی کے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کے دفتر واقع ایڈمنسٹریشن بلڈنگ تیسری منزل کمرہ نمبر54 میں لازماً جمع کرائیں۔
………………………………………….
جامعہ کراچی : شعبہ فعلیات کے زیر اہتمام تین روزہ دوسری پروب کانفرنس کی افتتاحی تقریب 07 جنوری کو ہوگی.
جامعہ کراچی کے شعبہ فعلیات(فزیالوجی) کے زیر اہتمام تین روزہ دوسری پروب 2020 کانفرنس کی افتتاحی تقریب بروزمنگل 07 جنوری 2020 ءکو دوپہر تین بجے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقد ہوگی۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی صدارت کریں گے جبکہ شعبہ کی المنائی اور صوبائی وزیر برائے ویمن ڈیولپمنٹ سیدہ شہلارضا ،سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی ،سابق چیئر مین پاکستان کونسل فارسائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر انوارالحسن گیلانی ،پروفیسر ڈاکٹر احسانا ڈارفاروق اور رکن پاکستان میڈیکل کمیشن پروفیسر ڈاکٹر رومینہ حسن سمیت بین الاقوامی اور قومی سائنسدان شرکت کریں گے۔
تین روزہ کانفرنس میں کی نوٹ سیشن ،پلینری لیکچرز،اورل اینڈ پوسٹر پریزینٹیشن اور چاروکشاپس ہوں گی۔
……………………………………………….
جامعہ کراچی: کراچی یونیورسٹی سالانہ فارماکیرئیر فیئر2020 ء07 جنوری کو ہوگا.
فیکلٹی آف فارمیسی جامعہ کراچی کے زیر اہتمام ”کراچی یونیورسٹی سالانہ فارما کیرئیرفیئر2020 “ کی افتتاحی تقریب بروز منگل 07 جنوری 2020 ءکو صبح 9:00 بجے فیکلٹی آف فارمیسی کی نئی عمارت میں منعقد ہوگی جبکہ فارمشیا میگزین کے اجراءکی تقریب 06 جنوری 2020 ءکو دوپہر 2:00 بجے کلیہ فارمیسی کی سماعت گاہ میں منعقد ہوگی۔
تقریب میں رئیسہ کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ اکرام سمیت معروف صنعتکار اور جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے صدور اور اساتذہ شرکت کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here