داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں آئل اینڈ گیس ڈرلنگ سیمولیٹر کا باضابطہ افتتاح

0
835

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں آئل اینڈ گیس ڈرلنگ سیمولیٹر کا باضابطہ افتتاح
ڈاکٹر عاصم حسین نے سیمولیٹر سے ڈرلنگ شروع کی، جامعہ داؤد ہائر اسٹینڈرز بنا رہی ہے ، چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن
جدید سیمولیٹر سے طلباء تکنیکی امور سمجھیں گے، ڈاکٹر فیض اللہ عباسی، جامعہ داؤدکیلئے خدمات پر ڈاکٹر ثمرین حسین کو خراج تحسین پیش
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نصب آئل اینڈ گیس ڈرلنگ سیمولیٹر کا باضابطہ افتتاح ہائر ایجوکیشن سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین نے کردیا ہے۔ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈرلنگ سیمولیٹر ہے جو کسی بھی یونیورسٹی میںنصب جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے۔ اس ڈرلنگ سیمولیٹر کے ذریعے طلباء کھلے میدان اور سمندر میں حقیقی ڈرلنگ کے پیرا میٹرز کو سمجھ سکتے ہیں۔ جامعہ داؤد انجینئرنگ کے شعبہ آئل اینڈ گیس انجینئرنگ میں نصب سیمولیٹر کا بٹن دبا کر ڈاکٹر عاصم حسین نے ڈرلنگ شروع کی جس کے بعد انہیں اس کے تکنیکی امور پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی سربراہی میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی ترقی قابل دید ہے اور یہ ہائر اسٹینڈرز بنارہی ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے طلباء کو عالمی معیار کے تعلیمی سرگرمیاں فراہم کررہے ہیں ، اس جدید سیمولیٹر سے طلباء کو ڈرلنگ کے تمام تکنیکی امور سمجھنے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ وہ فیلڈ کے حقیقی ماحول کا بھی تجربہ لیں گے ۔ اس موقع پر وائس چانسلر بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ثمرین حسین ، سیکرٹری سندھ ایچ ای سی معین الدین صدیقی ، ریکٹر نیو پورٹ یونیورسٹی ہما بخاری، پروفیسر ایمرطس مہران یونیورسٹی ڈاکٹر بھوانی شنکر چوہدری ، پرو وائس چانسلر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار سید آصف علی شاہ ، تمام شعبوں کے چیئرپرسن ، فیکلٹی ارکان اور طلباء موجود تھے۔ بعد ازاں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں چیئرمین پرسن الیکٹرونک انجینئرنگ خدمات انجام دینے والی ڈاکٹر ثمرین حسین ، جو اس وقت بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ہے، کی خدمات کے اعتراف میں تقریب منعقد کی گئی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر ثمرین حسین کے پی ایچ ڈی سپروائزر ڈاکٹر بھوانی شنکر چوہدری نے ڈاکٹر ثمرین حسین کی تعلیمی قابلیت ، کاوشوں اور زبردست انتظامی صلاحیتوں پر روشنی ڈالی جبکہ شعبہ الیکٹرونک کے لیکچرار محمد طلحہ اور وقار ، بیج 2014ء اور 2015ء کے طلباء نے ڈاکٹر ثمرین حسین کی قائدانہ صلاحیتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں اپنے لئے مشعل راہ قرار دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ 2015ء میں ڈاکٹر ثمرین حسین نے داؤد یونیورسٹی میں ایسے وقت میں شمولیت اختیار کی جب اس کی حالت انتہائی خراب اور طلباء کے جھگڑے معمول تھے تاہم انہیں معلوم تھا کہ صورتحال کو بہتر کیسے کرنا ہے ، ڈاکٹر ثمرین حسین نے نہ صرف جھگڑوں پر قابو پایا بلکہ فیکلٹی ارکان اور طلباء کو ایسا کلچر دیا جو آج بھی داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں ان کی وارثت ہے، ڈاکٹر ثمرین حسین کے شروع کئے گئے کئی ایونٹ اب داؤد یونیورسٹی کی پہچان بن گئے ہیں جن میں داؤد یونیورسٹی روبوٹک مقابلے سرفہرست ہے ۔ تقریب کے آخر میں ڈاکٹر عاصم حسین اور ڈاکٹر ثمرین حسین کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here