ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ مراکش کے شہر کاسا بلانکا اور کراچی کو سسٹر سٹی قرار دیا جائے

0
1525

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ مراکش کے شہر کاسا بلانکا اور کراچی کو سسٹر سٹی قرار دیا جائے
کراچی: (اسٹاف رپورٹرطلعت محمود) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ مراکش کے شہر کاسا بلانکا اور کراچی کو سسٹر سٹی قرار دیا جائے گا تاکہ دونوں شہر ایک دوسرے مزید قریب آسکیں‘باغ ابن قاسم کا ایک حصہ مراکش کی تہذیب و ثقافت کی ترویج کے لئے مختص کریں گے جس کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش قونصل جنرل مراکش کے ذمہ ہوگی،یہ بات انہوں نے جمعرات کی صبح بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دورے پر آنے والے مراکش کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اشتیاق بیگ سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اور مراکش کے قونصل جنرل نے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کو مراکش کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی،انہوں نے کہا کہ مراکش کے رباط کی لوکل گورنمنٹ نے رباط کی ایک شاہراہ کا نام پاکستان ایونیو رکھا ہے جو پاکستانیوں سے مراکش کی حکومت اور عوام کی محبت کا ثبوت ہے، مراکش اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات قائم ہیں اور مراکش پاکستان سے کھیلوں کا سامان اور سرجیکل آئٹمز بڑی تعداد میں درآمد کرتا ہے۔ قونصل جنرل مراکش اشتیاق بیگ نے مزید کہا کہ مراکش کے شہری پاکستانیوں کو اپنا سچا دوست اور بھائی تصور کرتے ہیں۔مراکش تاریخی اہمیت کا حامل ملک ہے اور یہ ملک اپنی خوبصورتی اور دلکشی کے اعتبار سے انتہائی مقبولیت رکھتا ہے،سیاحت کے اعتبار سے مراکش دنیا کے 10صف اوّل ممالک میں شمار ہوتا ہے،مشہور سپہ سالار طارق بن زیاد اور معروف سیاح ابن بطوطہ کا تعلق مراکش سے تھا۔ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے مراکش کے دورے کی دعوت دینے پر مرزا اشتیاق بیگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی شہری بھی مراکش کے لوگوں کو اپنا دوست سمجھتے ہیں اور باہمی تعلقات میں مزید وسعت چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سسٹر سٹی معاہدے سے کراچی اور کاسابلانکا کے درمیان مختلف شعبوں میں روابط میں اضافہ ہوگا اور باہمی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مراکش کے خوبصورت اور جدید شہروں کی طرح کراچی بھی ترقی کرے اور یہاں شہریوں کی سہولت کے لیے منصوبے بنائے جائیں،اس سلسلے میں مراکش کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم کراچی کے ساحل پر واقع وسیع و عریض پارک ہے جہاں دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ مراکش کے لیے بھی قطعہ اراضی مختص کریں گے جہاں مراکش کی تہذیب و ثقافت جو پوری دنیا میں مشہور ہے جلوہ گر ہوگی اور مقامی افراد کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں اور ممالک سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی یہ باعث کشش ہوگااور اس سے پاکستان میں سیاحت کا شعبہ بھی فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور ملکی معیشت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، مراکش براعظم افریقہ کا اہم ملک ہے اور مراکش کے ساتھ تعلقات کو پاکستان بہت اہمیت دیتا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا کہ کراچی میں کئی صنعتی زون قائم ہیں اور شہری انتظامیہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے کیونکہ کراچی میں تجارتی و کاروباری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں اور دونوں بندرگاہیں اور بین الاقوامی ایئرپورٹ مسلسل مصروف رہتاہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مراکش کی حکومت پاکستان بالخصوص کراچی میں مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے قدم بڑھائے گی اور دونوں ملک مل کر ترقی کی راہ پر گامزن رہیں گے۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مراکش کے قونصل جنرل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شیلڈ اور اجرک بھی پیش کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here