جامعہ کراچی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

0
1535

جامعہ کراچی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منگل کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے ڈائریکٹر جنرل آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر خیر محمد کاکٹرنے دستخط کئے۔
مذکورہ مفاہمتی یا دداشت کا مقصد بلیو اکنامی کے حوالے سے دونوں جامعات کا باہمی اشتراک سے حکومت کو سفارشات فراہم کرنا ہے تاکہ سندھ وبلوچستان کے ساحلی علاقوں کودرپیش مسائل کا سددباب یقینی بنایا جاسکے،دونوں جامعات ریسرچ جرنلز میں پبلیکشنز کے حوالے سے ایک دوسرے کی معاونت کریں گے۔دونوں جامعات میں موجود اسکالرشپس سے طلبہ کو مستفید ہونے کا موقع دیا جائے گا،دونوں جامعات کے مابین اساتذہ کے تبادے اور تربیتی سیشن کے انعقاد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اپنی جامعہ میں ایم بی اے ایگزیکیٹوپروگرام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لئے جامعہ کراچی کے فیکلٹی ممبران سے معاونت کی خواہش کا اظہار کیا جس پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں جامعات کے مابین ایسا معاہدہ ملکی معیشت کے لئے سود مند ثابت ہوگا،بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ایم بی اے ایگزیکٹو پروگرام کے حوالے سے نصاب کی تیاری سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ہمارا مقصد صرف سنگ بنیاد رکھنا نہیں بلکہ پوری عمارت تعمیر کرکے دینا ہے جو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔
ڈاکٹرخالد عراقی نے مزید کہا کہ بلیو اکنامی کے سلسلے میں ہمارے شعبہ جات جس میں سینٹر آف ایکسلینس میرین بائیولوجی،سینٹر آف میرین سائنس،باٹنی اور زولوجی شامل ہیں کلید ی اور مثبت کردار اداکرسکتے ہیں۔
ڈاکٹر خیر محمد کاکٹرنے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جامعہ کراچی کا شعبہ ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ مل کر زیتون کی پیداوار میں مزید اضافے کے لئے مل کر کام کریں تاکہ پاکستان زیتون کی پیداور میں خود کفیل ہوسکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here