University

ایک چھوٹا سا کاروبار بھی آپ کی محنت اور لگن کی بدولت آپ کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

ایک چھوٹا سا کاروبار بھی آپ کی محنت اور لگن کی بدولت آپ کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر کے پہلے بیچ میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات پر مشتمل طلبہ کی پانچ ٹیموں کو اسٹارٹ اَپ کے لئے جگہ فراہم
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،ضرور ت اس امر کی ہے کہ انہیں مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔کوئی بھی کاروبار چھوٹابڑانہیں ہوتا،کیونکہ ایک چھوٹا سا کاروبار بھی آپ کی محنت اور لگن کی بدولت آپ کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ دنیا بھر میں قوموں کی ترقی کا راز ملازمت حاصل کرنے میں نہیں بلکہ ملازمت فراہم کرنے میں ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ اپنا کاروبار شروع کریں تاکہ جووقت آپ ملازمت کے حصول کے لئے صرف کرتے ہیں وہ اپنے کاروبار میں صرف کرنے سے ملازمت حاصل کرنے والوں کے بجائے آپ ملازمت فراہم کرنے والوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس انکیوبیشن سینٹر کے پہلے اسٹارٹ اَپ بیچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر کے پہلے بیچ میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات پر مشتمل طلبہ کی پانچ ٹیموں کو اسٹارٹ اَپ کے لئے جگہ فراہم کی گئی ہے جس کہ ذریعے وہ اپنے بزنس آئیڈیاز کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اپنا کاروبار شروع کرسکتے ہیں۔انکیوبیشن سینٹر ان کی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کو بزنس کمیونٹی سے بھی متعارف کرائیں گے۔اسٹارٹ اَپ کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کی پچاس سے زائد ٹیموں کی جانب سے اسٹارٹ اَپ کے لئے درخواستیں جمع کرائی گئی تھیں جس میں سے صرف پانچ ٹیموں کو اسٹارٹ اَپ کی منظوری دی گئی۔
اس موقع پر سی ای او اوساکا لائٹس شمیم احمد نے اپنی زندگی کے تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی کاروبار کو عروج پر پہنچانے کے لئے مایوسی کو ترک کرناناگزیر ہوتاہے اور محنت ولگن کے ساتھ اپنے کاروبار کی ترقی کے لئے کوشاں رہنا پڑتاہے۔
ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن نے کہا کہ مذکورہ سینٹر کے قیام کا مقصد بزنس آئیڈیاز کو فروغ دینا ہے،جس سے نہ صرف ملازمت کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے ملکی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔
مینجر انکیوبیشن سینٹر جامعہ کراچی طلحہٰ بن شجاع نے کہا کہ ہمیں جامعہ کراچی کے طلبہ کی سوچ کو تبدیل کرنا ہے تاکہ وہ ملازمت کے حصول میں ناکامی کی صورت میں مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔ہماری ترجیح محققین اور سائنسدانوں کو بزنس کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ ان کے آئیڈیاز الماریوں کی زینت بننے کے بجائے معاشرتی مسائل کے حل میں کلیدی کردار اداکرسکیں۔

LEAVE A RESPONSE

Your email address will not be published. Required fields are marked *

REGISTERED NOW