جامعہ کراچی میں شعبہ جاتی سطح پر طلبہ کی ویکسینیشن کا عمل شروع

0
746

جامعہ کراچی میں شعبہ جاتی سطح پر طلبہ کی ویکسینیشن کا عمل شروع
ہر شعبہ ہائے زندگی پہلے کی طرح رواں دواں ہونے کے لئے معاشرے کے ہرفرد کی ترجیحی بنیادوں پر ویکسینیشن ضروری ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
جامعہ کراچی میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے این سی اوسی کو خط لکھاجائے۔ڈاکٹر اکرم سلطان
کراچی :(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہر شعبہ ہائے زندگی پہلے کی طرح رواں دواں ہوجائے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہرفرد کی ویکسینیشن ترجیجی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ایک صحت مند معاشرہ کے ذریعے ہی ترقی یافتہ ملک کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیاجاسکتاہے۔جامعہ کراچی میں شعبہ جاتی سطح پر ویکسینیشن کا آغاز آج کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول سے کردیا گیا ہے اور جامعہ کراچی کے دیگر تمام شعبہ جات،سینٹرزوانسٹی ٹیوٹس میں بھی جلد ازجلد ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول میں طلباوطالبات کی شعبہ جاتی سطح پر ویکسینیشن شروع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹراکرم سلطان،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرایسٹ ڈاکٹر اشفاق،ڈاکٹر قدیر محمد علی،ڈاکٹر اکمل وحیداور چیئرمین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول ڈاکٹردانش احمد صدیقی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی کے ملازمین،ان کے اہل خانہ اور طلباوطالبات کی سہولت کے لئے جامعہ کراچی میں ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے پر میں سندھ حکومت کا بیحد مشکورہوں اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ جامعہ کراچی کے تقریباً 95 فیصداساتذہ اور انتظامی عملے کی ویکسینیشن ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل دیگرشہریوں اور طلبہ کو بھی ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی جارہی تھی لیکن لوگوں کے جم غفیر اور حالیہ لہر کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ویکسینیشن کے عمل کو صرف جامعہ کراچی کے ملازمین تک محدود کردیاگیاتھا،تاہم اب طلباوطالبات کی سہولت کے پیش نظر شعبہ جاتی سطح پر ویکسینیشن کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان نے کہا کہ اس سے قبل شعبہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے جامعہ کراچی میں ایک ٹیم کام کررہی تھی لیکن اب ہم نے یہاں پر کام کرنے والے عملے کی تعداد بڑھا کرتین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جس کے مطابق دوٹیمیں صبح کے اوقات میں ملازمین اورطلبہ کو ویکسین لگائیں گے جبکہ ایک ٹیم ایوننگ پروگرام کے طلبہ کو ویکسین لگائیں گے۔جامعہ کراچی میں طالبات کی کثیر تعداد کے پیش نظر تینوں ٹیموں میں خواتین کاعملہ بھی موجود رہے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ جامعہ کراچی کے طلبہ کی سہولت کے پیش نظر موبائل ویکسینیشن ٹیمیں بھی مہیا کی جاسکتی ہیں۔ڈاکٹر اکرم سلطان نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کو ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے این سی اوسی کو خط لکھاجائے۔
ڈاکٹر اکرم سلطان نے کہا کہ میر ی محکمہ صحت حکومت سندھ سے درخواست ہے کہ وہ جامعہ کراچی میں زیر تعلیم طلبہ کی کثیر تعداد کو مد نظررکھتے ہوئے،فیس ماسک،سینیٹائزر اور دستانے فراہم کئے جائیں۔تقریب کے اختتام پرشیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے ڈاکٹر اکرم سلطان ودیگر کے ہمراہ انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں قائم مرکزی ویکسینیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here