بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین شہریوں کے مفاد کو اولیت دیں، شہر میں کام ہوگا تو کے ایم سی سمیت ہر ادارے میں بہتری آئے گی،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1051

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین شہریوں کے مفاد کو اولیت دیں، شہر میں کام ہوگا تو کے ایم سی سمیت ہر ادارے میں بہتری آئے گی،ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران و ملازمین شہریوں کے مفاد کو اولیت دیں، شہر میں کام ہوگا تو کے ایم سی سمیت ہر ادارے میں بہتری آئے گی، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پہلے ان اسکیموں کو مکمل کیا جائے گا جن پر 80 فیصد یا زائد کام ہوچکا ہے، کے ایم سی افسران کی تنخواہوں میں 16 کروڑ روپے کی کمی کو دور کرنے کے لئے سمری حکومت سندھ کو منظوری کے لئے بھیجی ہے تاکہ یہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے، یہ بات انہوں نے کے ایم سی آفیسر ز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے افسران کے اعزاز میں دیئے گئے سالانہ عشائیہ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان، سینئر افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ افسران ادارے اور شہر کے مفاد میں کام کریں اور شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ کراچی ایک بار پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکے، شہریوں کے بنیادی مسائل حل ہوں گے تو ہر سطح پر اس کے اثرات ہوں گے اور ادارے کی افادیت محسوس کی جائے گی جس سے افسران و دیگر ملازمین کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی،انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے محکمے کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے تجاویز دیں جن پر فوری غور کیا جائے گا، کے ایم سی افسران تجربہ کار اور اپنے شعبوں میں مہارت کے حامل ہیں لہٰذا انہیں ماضی کے تجربات اور شہر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بہتر اور جامع حکمت عملی اختیار کرکے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنی چاہئیں، ایڈمنسٹریٹرکراچی نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے جلد حل کے لئے بڑے بڑے منصوبوں کے بجائے موجودہ سڑکوں، فلائی اوورز، پلوں، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر شہری تنصیبات کو درست حالت میں لانا ضروری ہے اسی لئے موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر پوری توجہ دی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہر کا مرکزی بلدیاتی ادارہ ہونے کے ناطے شہریوں کی امیدوں کا محور ہے، اس لئے کے ایم سی افسران اپنی ذمہ داریوں کو مکمل دیانتداری سے انجام دیں اور جہاں تک ہوسکے شہریوں کو سہولت پہنچائیں، شہری مسائل کے حل کے لئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں افسران ان مسائل کے سلسلے میں کسی بھی وقت مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں،ہمارا اولین مقصد شہر کی بہتری ہونا چاہئے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ کراچی جیسے وسیع وعریض شہر کے کونے کونے میں تمام لوگوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی مشکل سہی مگر ناممکن نہیں،شرط یہ ہے کہ مکمل خلوص اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے، کے ایم سی افسران ماضی میں بہترین کاموں کی بدولت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں، کراچی میں انفراسٹرکچر کی تنصیب و ترقی انہی کاموں کی وجہ سے ممکن ہوسکی، علاقائی سطح پر کے ایم سی افسران نہ صرف شہری مسائل کی سمجھ رکھتے ہیں بلکہ ان کے جلد اور پائیدار حل کی صورت بھی نکال سکتے ہیں لہٰذا اس سمت میں فوری اور بلاتاخیر قدم اٹھایا جائے اور شہر میں جہاں بھی بلدیاتی خدمات کے حوالے سے کمی پائی جائے اسے فوری اقدام کرکے دور کیا جائے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کے ایم سی افسران باہمی رابطوں کو بہتر بنا کر عمدہ منصوبہ سازی کے ذریعے شہری امور کو بہتر اور موثر بنائیں گے اور کراچی کے شہری جلد ایک خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here