نئی ٹیکنولوجی کا استعمال ترقی کی ضمانت ہے، پاکستان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد کا انٹرویو

0
1518

نئی ٹیکنولوجی کا استعمال ترقی کی ضمانت ہے، پاکستان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد کا انٹرویو
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ آج کے دور میں نئی ٹیکنالوجی کے استعمال ہی سے کسی ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت دی جاسکتی ہے، اس سلسلے میں حکومت پاکستان کو جاپان کی جانب سے لتھیم بیٹری کا پلانٹ پاکستان میں لگانے، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سرمایہ فراہم کرنے کی پیشکش پر غور کرنا چاہئے تاکہ ہمارے ہاں بھی نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے معاشی ترقی کے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ لیتھم ایک ٹھوس دھات ہے اور اس سے بنائی جانے والی بیٹری موٹرسائیکل، آٹو رکشہ، کار، ویگن اور دیگر گاڑیاں چلانے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے، لیتھم کی ایک بیٹری اتنی پاورفل ہوتی ہے جس کو کسی بھی گاڑی میں لگایا جاسکتا ہے اور موٹر سائیکل بھی 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی جا سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محمد علی جناح یونیورسٹی، کراچی کے ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو میں پروگرام کارپوریٹ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ رانا عابد نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت میں اضافہ پر توجہ نہیں دی اسی لیے موجودہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس جانب توجہ دے ۔ انہوں نے کہا کہ جاپان مشینری فراہم کرتے وقت ٹیکنالوجی اور سرمایہ بھی فراہم کرتا ہے جبکہ چین صرف اپنی مشینری کی برآمدات کرتا ہے اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر نہیں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ صدی میں جاپانی قوم دوسری جنگ عظیم کے دوران ایٹم بم گرائے جانے کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سے مایوس نہیں ہوئی، انہوں نے اپنے نوجوان انجینئرز، ڈاکٹرز، سائنسدان اور دیگر نوجوانوں کو امریکہ ،کینیڈا، برطانیہ اور جرمنی بھیجا جنہوں نے وہاں سے بہت کچھ سیکھ کر آنے کے بعد اپنی قومی ترقی کے لیے کام کیا جس کے بہتر نتائج پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لیے ٹھوس قوانین اور بہترین منصوبہ بندی کی ضرورت ہے کیونکہ آج بھی ہماری برآمدات کے مقابلے میں درامداد بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ہماری حکومتوں نے نوجوانوں کو 120 روپے کے لیپ ٹاپ فراہم کردیے جبکہ اسی رقم سے لیپ ٹاپ بنانے کا کارخانہ بھی لگایا جا سکتا تھا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ملک میں گاڑیوں کی درآمد کے لئے موجودہ قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے صرف ایک محدود طبقہ کوئی فائدہ پہنچ رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here