چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو قدرتی اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد

0
1206

چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو قدرتی اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد
کراچی:(طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں اور پرندوں کو قدرتی اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ایسے جانور جو مقامی ماحول سے مطابقت نہیں رکھتے انھیں ایسا سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا جو ان کی پرورش اور نگہداشت کے لئے بہتر ہو، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز فریئر ہال میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ چڑ یا گھر میں چند ایسے جانور موجود ہیں جن کو خصوصی ماحول کی ضرورت ہے اگر انہیں ایسا ماحول فراہم نہیں کیا جاسکا تو ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں موجود ریچھ کو متبادل جگہ پر منتقل کرنے کے ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر شہریوں، طالبعلموں اور بچوں کے لئے تفریح کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پرندوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور مشاہدات کا بھی مرکز ہے، بچوں اور طالبعلموں کو یہاں آکر جانوروں اور پرندوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے جس سے ان میں جانوروں اور پرندوں سے محبت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ دنیا بھر میں چڑیا گھر موجود ہیں اور ان چڑیا گھروں کا مقصد شہریوں کو جانوروں اور پرندوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر میں گزشتہ دنوں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں، چڑیا گھر میں موجود مغل گارڈن ایک دلکش مقام ہے، جبکہ کراچی کا چڑیا گھر تاریخی اہمیت کا حامل ہے جہاں اندرون ملک اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے افراد بھی آتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں چڑیا گھر کے مغل گارڈن میں سرکاری تقریبات منعقد ہوتی تھیں اب یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا تاکہ معززین شہر چڑیا گھر کی اہمیت اور افادیت سے واقف ہوں، انہوں نے این جی اوز اور پرائیویٹ سیکٹر کو دعوت دی کہ وہ آگے آئیں اور چڑیا گھر میں موجود پرندوں اور جانوروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمارے ساتھ کام کریں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیرانتظام دو چڑیا گھر، موجود ہیں جس میں بڑی تعداد میں لوگ اپنے خاندان کے افراد کے ہمراہ آتے ہیں انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر میں مزید نئے جانور لائے جائیں گے اور چڑیا گھرمیں ترقیاتی کاموں کو بھی جاری رکھا جائے گا ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here