ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

0
1623

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا، انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سابق ایڈمنسٹریٹر افتخار شالوانی سے لیا اور کچھ دیر ان سے ملاقات کی جس میں کے ایم سی کے مختلف امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، لئیق احمد سیکریٹریٹ گروپ (بی ایس۔20) کے آفیسر ہیں اور اس سے قبل سیکریٹری ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول تعینات تھے،لئیق احمد نے دوسری بار ایڈمنسٹریٹر کراچی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں، وہ قبل ازیں 2016 میں ایڈمنسٹریٹر کراچی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران سے ملاقات کی، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی افضل زیدی بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس وقت بہت سارے چیلنج درپیش ہیں جن سے فوری نمٹنا ہے، افسران اپنی پوری توجہ کام کی طرف دیں، شہریوں کو محسوس ہونا چاہئے کہ ان کے مسائل حل ہو رہے ہیں ہر محکمے کا سربراہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، شہری اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں اور یہ ان کا حق ہے انہوں نے کہا کہ افسران کو موجودہ کاموں کے ساتھ ساتھ دیگر اسائنمنٹ بھی ملتے رہیں گے لہٰذا مکمل توانائی اور جذبے کے ساتھ کام کریں، میں خود 24 گھنٹے کام کے لئے دستیاب رہوں گا ہمیں مل کر شہر کے مسائل حل کرنے ہیں اور اسے بہتر بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ افسران اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں تو انہیں ہر چیز صاف نظر آئے گی، شہر کی سڑکوں پر جہاں بھی گڑھے پڑے ہوئے ہیں انہیں فوری بھرا جائے جہاں سڑک پر اسپیڈ بریکر درست نہیں اسے ٹھیک کریں جہاں درخت کاٹنے کی شکایات ہیں انہیں روکیں اور جہاں جہاں شجرکاری کی ضرورت دیکھیں وہاں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر ڈپارٹمنٹ کے ذریعے فوری شجرکاری کی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جاسکے، انہوں نے افسران سے کہا کہ ادارے میں وسائل کی کمی نہیں آپ خود اپنے عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز پیدا کریں، میں عملیت پسند آدمی ہوں اور چاہتا ہوں کہ میرے ساتھ جتنے بھی لوگ ہیں وہ خود کو کام کے لئے وقف کردیں جو لوگ کام نہیں کرنا چاہتے انہیں عہدے سے فارغ کردیا جائے گا، افسران مکمل جوش و جذبے کے ساتھ اپنے محکموں کو چلائیں، آپ لوگ گراس روٹ لیول پر ہیں اور آپ کو علم ہونا چاہئے کہ شہر میں کن کاموں کو کرنے کی فوری ضرورت ہے، شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے افسران فوری تجاویز دیں جن کا جائزہ لینے کے بعد ان پر بلاتاخیر عملدرآمد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کا کام شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، عوام کو کام چاہئے جو ان کا حق ہے نیک نیتی کے ساتھ کام کیا جائے تو چیزیں خود بخود صحیح ہوتی جائیں گی، شہری دیکھیں گے کہ ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے نیک نیتی کے ساتھ بھرپور کام کیا جارہا ہے، اللہ کی مدد حاصل ہو اور نیت صاف ہو تو مشکل حالات میں بھی کام کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کا ایک مقصد ہوتا ہے، درست سمت میں چلیں گے تو ادارے کا مقصد پورا ہوگاجو بھی مسائل درپیش ہیں ان کا مکمل جائزہ لوں گا اور اس کی روشنی میں اقدامات کئے جائیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here