جامعہ کراچی کے تعلیمی سیشن 2021 ء کے بیچلرز پروگرام کے لئے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد

0
1598

جامعہ کراچی کے تعلیمی سیشن 2021 ء کے بیچلرز پروگرام کے لئے داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد
بیچلرز پروگرام میں داخلوں کے لئے 9660 فارم جمع کرائے گئے جبکہ 9114 امیداروں نے شرکت کی
داخلہ ٹیسٹ کے نتائج 14 دسمبر کو شام سات بجے جاری کردیئے جائیں گے
جامعہ کراچی میں تعلیمی سیشن 2021 ء کے بیچلرز پروگرام کے لئے داخلہ ٹیسٹ اتوار کے روز صبح 11:00 بجے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں قائم امتحانی مراکز میں منعقد ہوا۔ بیچلرز پروگرام کے20 شعبہ جات میں داخلوں کے لئے9660فارم جمع کرائے گئے، جبکہ9114 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔داخلہ ٹیسٹ کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں 30 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔
وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے رجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ،رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر ناصر ہ خاتون،پروفیسر ڈاکٹر انیلاامبر ملک،پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید،ڈاکٹر معیز خان اورڈاکٹر سید عاصم علی کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اورحکومت کی جانب سے جاری کردہ کووڈ19 ایس اوپیز پر عملدرآمد اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔
اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس، ناظم مالیات جامعہ کراچی طارق کلیم،ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی، انچارج ٹرانسپورٹ یونٹ جامعہ کراچی ڈاکٹرقدیرمحمدعلی،ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین اور سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدعابد حسن بھی موجود تھے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے تمام امتحانی مراکز پر سینیٹائزر،فیس ماسک اور تھرمل گنز کی موجودگی کوسراہا۔ڈاکٹر صائمہ اختر نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کا تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد کمرہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔
علاوہ ازیں طلباوطالبات اور ان کے والدین کی سہولت کے پیش نظر جامعہ کراچی کے تمام داخلی دروازوں پر پوائنٹس(بسوں) کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا تھا جو طلبہ کو امتحانی مراکز تک پہنچانے اور واپس گیٹس تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرتے رہے۔ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی کے لئے ہیلپ ڈیسک کے ساتھ ساتھ (واچ اینڈوارڈ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے میڈیکل افسراور ان کا طبی عملہ بمعہ ایمبولینس موجود تھا۔شیخ الجامعہ نے داخلہ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام اساتذہ،انتظامی عملے اور سیکیورٹی گارڈز کی کاوشوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر14 دسمبر2020 ء کو شام 7:00 بجے اَپ لوڈ کردیئے جائیں گے جبکہ طلبہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اپنے پورٹل پر بھی دیکھ سکیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here