داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا پری ایڈمیشن ٹیسٹ، 3000طلباء شریک

0
1290
واٸس چانسلر داٶد انجینٸرنگ یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی پری ایڈمیشن ٹیسٹ کے دوران انتظامات کا معاٸنہ کررہے ہیں۔ رجسٹرار سید آصف علی شاہ اور دیگر بھی موجود ہیں

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا پری ایڈمیشن ٹیسٹ، 3000طلباء شریک
دومرحلوں میں داخلہ ٹیسٹ کے 5سیشن ، ہر سیشن میں 700؍ امیدوار کمپیوٹر لیبارٹریز میں بٹھائے گئے
کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ، میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے ، وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی

کراچی:(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملک کی تیزی سے ترقی کرتی جامعہ اور انجینئرنگ کے شعبے میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ادارہ ہے جس میں تعلیمی سال برائے 2020-21ء کیلئے پری ایڈمیشن ٹیسٹ دو مرحلوں میں ہفتہ 3؍ اکتوبر اور اتوار 4؍ اکتوبر 2020ء جامعہ این ای ڈی میں منعقد کیا گیا۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے 9؍ شعبوں میں داخلے کیلئے سندھ بھر اور ملک کے کئی شہروں سے آئے تقریباً3000؍ سے زائد طلبہ و طالبات نے این ای ڈی یونیورسٹی کے ذریعے لئے جانے والے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ کورونا وائرس کی عالمی وباء کی وجہ سے حفاظتی انتظامات کا خاص خیال رکھا گیا ۔ ہفتے کےروز ٹیسٹ کے تین مختلف سیشن صبح 9بجے ، 11بجے اور دوپہر ایک بجے ہوئے اور ہر سیشن میں 700؍ طلباء کومختلف کمپیوٹر لیبارٹریز میں بٹھایا گیا اور ہر لیبارٹری میں 30؍ سے زیادہ طلباء نہیں بٹھائے گئے۔ اتوار کےروز ٹیسٹ کے 2سیشن صبح 9 اور 11 بجے ہوئے اور انہیں بھی گزشتہ روز کی ترتیب کی طرح بٹھایا گیا۔ ٹیسٹ سینٹر میں داخلے کے وقت بھی کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا اور طلباء کی طویل قطاروں میں سماجی فاصلوں کا خیال رکھا گیا اور ہر امیدوار کا ٹمریچر چیک کیا گیا، امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین کو خیمے اور پنکھے لگا کر بیٹھنے کی جگہ اور پانی کے علاوہ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی گئیں۔ وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی ڈاکٹر فیض اللہ عباسی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ سمیت ویجلنس اور کوآرڈی نیشن کمیٹی کے ارکان این ای ڈی یونیورسٹی میں موجود رہے اور داخلہ ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کااظہار کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ طلباء کی قابلیت اور ان کی ذہنی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور داؤد یونیورسٹی کا داخلہ ٹیسٹ بہترین اور ذہین طلباء کا انتخاب کرنے کی ایک کوشش ہے ، یونیورسٹی میں داخلے کے عمل میں خالصتاً میرٹ کا مدنظر رکھتے ہوئے داخلہ ٹیسٹ میں میرٹ اور انتہائی شفافیت کے اصول پر عمل پیرا ہیں، داخلوں میں شفافیت کا کلچر قائم ہوگیا ہے ، 540 نشستوں کیلئے 3000؍ سے زائد طلبا کا آنا جامعہ دائود کے تعلیمی نظام پر اعتماد کا اظہار ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here