تربیتی سیشن بعنوان ”انکم ٹیکس ریٹرن کی فائلنگ کی اہمیت وافادیت“ کا انعقاد

0
1070

تربیتی سیشن بعنوان ”انکم ٹیکس ریٹرن کی فائلنگ کی اہمیت وافادیت“ کا انعقاد
کراچی:(اسٹا ف رپورٹر) جامعہ کراچی میں نئے آنے آنے والے اساتذہ کی سہولت کے لئے شعبہ کیمیاء جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں تربیتی سیشن بعنوان: ”انکم ٹیکس ریٹرن کی فائلنگ کی اہمیت وافادیت“ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنانے سے لے کر فائلنگ تک کے مراحل پر تفصیلی پریزنٹیشن اور سوال جواب کے ذریعے اساتذہ کو رہنمائی فراہم کی گئی۔ چیف ایگزیکیٹوآفیسر انفارمیشن کنسلٹینٹ اور رکن انسٹی ٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹ پاکستان فیصل مبین اور کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے وزیٹنگ فیکلٹی ممبر سید محمد فرخ نے تربیت فراہم کی جبکہ ہینڈز اون پریکٹس کے لیے معاون ٹرینرز میں ڈاکٹر تحسین، ڈاکٹر اسد تنولی اور ڈاکٹر وقار احمد موجود تھے۔
اس موقع پر فیصل مبین نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکس وصولی کے غیر معیاری نظام کی وجہ سے ہمیں اپنے مالی وسائل پورے کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتاہے،جس کی ایک بڑی تسلسل کے ساتھ پالیسوں کا مرتب نہ ہونا اورجو پالیسیاں بنائی جاتی ہیں اس میں متعدد زمینی حقائق کو نظر اندازکردیاجاتاہے جس کی وجہ سے ان پالیسیوں پر عملدرآمد کا فقدان دیکھنے میں آتاہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم مغربی ممالک کی ترقی اور سہولیات کا ذکر کرتے کرتے نہیں تھکتے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ان کے ٹیکس نظام کو بھی دیکھنا اور اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے کیونکہ مغربی ممالک میں ٹیکس چوری کی شرح ہمارے ملک کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم اورنہ ہونے کے برابرہے۔مغربی ممالک میں ٹیکس چوری میں ملوث افراد یا فرد خواہ وہ کسی بھی منصب پر فائز ہوٹیکس چوری کا الزام لگنے کی صورت میں اپنے عہدے سے دستبردارہوجاتے ہیں تاکہ ان کے خلاف ہونے والی انکوائری میں وہ رکاؤٹ نہ بن سکے اور ان کے خلاف تحقیقات آزادانہ طورپر اور بروقت مکمل کئے جاسکیں۔
سید محمد فرخ نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرنے کے لئے بروقت ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانا اور ٹیکس چوری کے نظام کا سدباب ناگزیر ہوگیا ہے۔صوبائی اوروفاقی حکومتوں کو چاہیئے کہ ٹیکس کی وصولی کے نظام میں بہتری کے لئے تمام خامیوں،بالخصوص زراعت جیسے شعبہ میں موجود خامیوں کو دورکرکے ایک مربوط ٹیکس کا نظام قائم کریں اسی صورت پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوسکتا ہے۔
تربیتی سیشن کے آرگنائزرز اور کراچی یونیورسٹی ٹیچرز سوسائٹی کے نو منتخب ممبران ایگز یکٹیو کمیٹی ڈاکٹر معروف بن روف اور ڈاکٹر ندا علی نے اختتام پر ٹرینرز میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔ شرکاء نے سیشن کو مفید قرار دیتے ہوئے ٹیچرز ریسورسز آف یونیورسٹی ایجوکیشن کے منتظمین ڈاکٹر یوسف، ڈاکٹر وسیم اور ڈاکٹر شاہ فیض کا شکریہ ادا کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here