رسول اکرمؐ کے خاکے بنانے والے اس دنیا میں ہی خاک ہوجائیں گے،آپؐ کی ذات مبارک کو اللہ تعالیٰ نے پسند کیا اور انسانیت کی رہنمائی کے لئے بھیجا۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
1277

رسول اکرمؐ کے خاکے بنانے والے اس دنیا میں ہی خاک ہوجائیں گے،آپؐ کی ذات مبارک کو اللہ تعالیٰ نے پسند کیا اور انسانیت کی رہنمائی کے لئے بھیجا۔ڈاکٹر خالد عراقی
اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات تک پہنچنے کا ذریعہ اپنے محبوب حضرت محمدؐ کوبنادیا ہے۔مفتی محمد اسماعیل
ہمارے پاس کوئی ذریعہ نہیں دنیا میں کہیں آگے بڑھنے اور رب تک پہنچنے کا سوائے رسول اکرمﷺ کے۔ڈاکٹر رضوان نقشبندی
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی ذات مبارک کے بارے میں جتنا بھی بیان کیا جائے اور تحقیق کی جائے وہ کم ہے۔آپ ؐ نے تمام امورمیں انسانیت کی رہنمائی فرمائی ہے،اسلام ایک پرامن مذہب ہے اور آپ ؐ نے انسانیت کا پیغام دیاہے۔موجودہ دور کے مسائل کے حل کے بارے میں مفکرین کی ایک بڑی تعداد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ان سب کا حل قرآن پاک اور سیرت النبیؐ پر عمل پیراہونے میں ہے۔ہمارے معاشرے میں ابتری کی بڑی وجہ انصاف،برابری،کردار،امانت داری اور وعدے کی پاسداری کا فقدان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارکنگ گراؤنڈ (بالمقابل آرٹس لابی) جامعہ کراچی میں منعقد ہ انجمن محبان رسولؐ ؐجامعہ کراچی کے زیر اہتمام محفل میلاد النبی ﷺسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ ہمیں حضوراکرمؐ کی ذات مبارک سے ہمیں رہنمائی حاصل کرنے اوراس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔جورسول اکرمؐ کے خاکے بنارہے ہیں وہ اس دنیا میں خاک ہوجائیں گے۔رسول اکرمؐ کی ذات مبارک پر اگرکوئی انگلی اُٹھائے یا سوال اُٹھائے توہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس کا بھرپور جواب دیں کیونکہ آپ ؐ کی ذات مبارک پر انگلی یاسوال اُٹھانا ہمیں بالکل قبول نہیں۔آپؐ کی ذات مبارک کو اللہ تعالیٰ نے پسند کیا اور انسانیت کی رہنمائی کے لئے بھیجا۔ہمیں اپنے احتجاج اور تنقید کے دائرے کو بڑھاناہوگا،صرف سڑکیں اور کاروبار بند کرنے سے احتجاج نہیں ہوگا بلکہ ہم سب کی یہ دینی ذمہ داری ہے کہ ہم آپ ؐ کی ذات مبارک کے حوالے سے اپنا بھرپورکرداراداکریں اور جو جس منصب یا رتبے پر فائزہے وہ اپنااپنا کرداراداکریں۔جب تک ہم اسلامی اصولوں پر من وعن عمل پیرانہیں ہوں گے ہم ایک بہتراور فلاحی معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتے۔
مفتی محمد اسماعیل حسین نورانی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات تک پہنچنے کا ذریعہ اپنے محبوب حضرت محمدؐ کوبنادیا ہے،دنیا میں جتنا بھی علم ہے سب اللہ ہی کا پیداکردہ ہے،اللہ تعالیٰ پوری کائنات خالق ومالک ہے اور دنیا جہاں تک علم حاصل کررہی ہے،تحقیق کررہی ہے یا کرتی رہے گی یہ سب اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے،یہ سب اللہ تعالیٰ کی تخلیق ہے اور پھر اللہ تعالیٰ نے جو کچھ پیدا کیا ہے اس میں اگر کوئی صحیح معنی میں صحیح جہت کے ساتھ چلنا چاہتاہے توپھر اس کے لئے بھی رسول پاک ؐ سے وابستگی ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علم وہ ذریعہ ہے کہ جس کے ذریعے ہم اپنی مقصد کے قریب ہوجاتے ہیں لیکن اس مقصد کے قریب ہونے میں پھر انسان سے غلطیاں ہوجاتی ہیں۔انسان کی عقل بیچ میں حائل ہوتی ہے،نفس،خواہشات،گمراہی اور گمراہ کرنے والے آجاتے ہیں،گمراہ کرنے والی ہوائیں چل پڑتی ہیں۔انسان کبھی کہاں کبھی کہاں کس طرف چل پڑتا ہے ایسے میں اگر کوئی چیز ہمیں اپنے مقصد کے راستے میں سفر کرتے ہوئے ان تمام غلطیوں سے بچاسکتی ہے اور اگر ہماری عقل کو عقل سلیم اور ہمارے قلب کو قلب منیب بناسکتی ہے تو وہ رسول اکرم ؐ کی ذات مبارک ہے،دین آپ ؐ کی ہی ذات مبارک کا نام ہے۔
علامہ ڈاکٹر رضوان احمد نقشبندی نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی ذریعہ نہیں دنیا میں کہیں آگے بڑھنے اور رب تک پہنچنے کا سوائے رسول اکرمﷺ کے،ہم سب سے زیادہ گوار تھے،ہمیں کچھ نہیں آتاتھا پتہ ہی نہیں تھا کہ ہم کیا ہیں اور ہماری ذمہ داریاں اور فرائض کیا ہیں۔ہم گمراہی کے اندھیروں میں مبتلا تھے بس اللہ تعالیٰ نے کرم کیا اور حضرت محمد ﷺ کو ہماری طرف بھیج دیا اور پھر ہم نے صرف ایک ہی کام کیا اور آپ ؐ پر ایمان لے آئے، آپ ؐ کی اتباع،پیروی کی اور آپ ؐ کے نقش قدم پرچلے تو ہم دنیا کے امام بنے۔ہم سب جانتے ہیں کہ سائنس وٹیکنالوجی اور ترقی کے دروازے کھولنے والے مسلمان ہیں لیکن آج قرآن وسنت سے دوری کی وجہ سے ہم تنزلی کا شکارہیں،سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری نے کہا کہ انجمن محبان رسول ؐ کا ایک اہم ترین مقصد یہ ہے کہ جامعہ کراچی کے اساتذہ،افسران وملازمین اور طلباوطالبات کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جاسکے جہاں سے وہ غیر متنازعہ انداز میں سنجیدہ مقاصد کی تکمیل کے لئے اکٹھے ہوسکیں۔
شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی کے ڈاکٹر صاق علی خان نے کہا کہ انجمن محبان رسولؐ کے بنیادی مقاصد میں علاقائی،لسانی اور گروہی سیاست سے آزاد رہ کر لوگوں میں اسلامی عقائد وتعلیمات کا شعور وفہم پیدا کرنا اور لوگوں کے دلوں میں عشق رسولؐ کی شمع روشن کرناہے۔عشق رسولؐ مومن کی میراث ہے اور اس کے بغیر ایمان نامکمل ہے۔
منصور احمد قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا جبکہ معروف نعت خواں محمودالحسن اشرفی اور ذوہیب اشرفی ودیگرنے ہدیہ نعت پیش کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here