ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی

0
1370

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی
کراچی (طلعت محمود اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کی ہدایت پر کراچی کے پارکس کی حفاظت اور نگرانی کے لئے مقامی افراد پر مشتمل کمیٹی ”باغبان“کی تشکیل شروع کردی گئی ہے جس کے تحت مختلف پارکس کو چلانے کے عمل میں مقامی آبادی کو شمولیت کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر بلدیہ عظمیٰ کراچی طحہٰ سلیم نے 2K پارک ناظم آباد میں لوکل کمیٹی ”باغبان“کا تیسرا گروپ تشکیل دیا اور اس موقع پر کمیٹی میں شامل کئے گئے افراد کو مخصوص جرسی دی گئی جس پر کے ایم سی پارک نمایاں الفاظ میں تحریر کیا گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل پارکس نے اس موقع پر کہا کہ مقامی افراد پر مشتمل پارکس کی نگراں کمیٹی کے قیام کے نتائج نہایت حوصلہ افزاء رہے ہیں اور اس کا ثبوت ہل پارک اور سرسید پارک کے لئے بنائی گئی ”باغبان“کمیٹیاں ہیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقائی سطح پر لوگوں کو تفریح کے لئے بنائے گئے پارکس کی نگہداشت اور انہیں بہتر بنانے کے لئے مقامی افراد پر مبنی کمیٹی قائم کرنے کا اقدام ہمارے پارکس کو طویل عرصے تک سرسبز و شاداب اور صاف ستھرا رکھنے میں مدد گار ہوگا اور اس کے ساتھ ہی عوام کی سہولت اور بچوں کی تفریح کے لئے ان پارکس میں فراہم کی گئیں سہولیات نہ صرف برقرار رہیں گی بلکہ ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بہتری بھی آئے گی، ڈائریکٹر جنرل پارکس نے کہا کہ ناظم آباد کا علاقہ کراچی کے بہترین علاقوں میں سے ایک ہے جہاں نقشے کے مطابق مختلف بلاکس میں پارکس اور پلے گراؤنڈز بنائے گئے تھے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال ٹھیک طرح سے نہ ہوسکی اور یہ پارکس اپنی افادیت کھوتے چلے گئے جبکہ علاقے کے لوگ ان پارکس کو بہتر حالت میں دیکھنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے اپنی خدمات بھی پیش کی ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کراچی کے مختلف علاقوں میں بنائے گئے پارکس کو شہریوں کے لئے کھولنا اور انہیں بہتر بنانا ہے اور اس مقصد کے تحت پارکس کی دیکھ بھال کے لئے لوکل کمیٹی ”باغبان“کا تصور متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے مستقبل میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے کیونکہ کوئی بھی یہ نہیں چاہے گا کہ اس کے محلے یا علاقے میں قائم پارک خراب ہو یا وہاں کوئی غیرتفریحی سرگرمی جاری ہو، ڈائریکٹر جنرل پارکس نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی یہ چاہتے ہیں کہ کراچی میں پبلک سہولیات خوب سے خوب تر ہوں اور نہ صرف موجودہ پارکس اور پلے گراؤنڈز کو بہتر بنایا جائے بلکہ نئے پارکس بھی قائم ہوں اور شہر میں جہاں بھی ممکن ہوسبزہ اور شجرکاری کی جائے تاکہ فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹا جاسکے اور کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرح خوبصورت اور سرسبز بنایا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہماری کوششیں جاری ہیں اور بہت جلد کراچی کے پارکس شہریوں کو بہتر اور اچھی حالت میں دستیاب ہوں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here