امریکہ کے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے جمعرات کی صبح ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی سے کے ایم سی ہیڈ آفس میں ملاقات کی

0
1135

کراچی ( طلعت محمود / اسٹاف رپورٹر) امریکہ کے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے جمعرات کی صبح ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی سے کے ایم سی ہیڈ آفس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے متعلق تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر امریکی قونصل جنرل کے ساتھ اکنامک یونٹ چیف Ms.Kristie Di Lasico بھی موجود تھیں، امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے شعبوں میں کراچی کے ساتھ تعاون کرے گا، انہوں نے کراچی کے پارکس کی بہتری اور لائبریریوں کی تزئین وآرائش اور ذخیرہ کتب میں اضافے کی پیشکش بھی کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے امریکی قونصل جنرل اور ان کے وفد کے اراکین کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر آمد پر خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دوست ملک ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان متعدد شعبوں میں باہمی تعاون جاری ہے، امریکہ کے دو شہروں کو کراچی کا جڑواں شہر (سسٹر سٹی) قرار دیا جاچکا ہے جسے کراچی کے شہری انتہائی اہم سمجھتے ہیں اور دونوں ملکوں کے مابین ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی دنیا کا ساتواں بڑا شہر ہے اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے امریکی حکومت کی پیشکش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ میگا سٹیز کی بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم نہیں کی جاسکتیں، کراچی اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہے کراچی میں دو بندرگاہیں اور بین الاقوامی ہوائی اڈہ موجود ہے اور ملک کی بیشتر تجارت کراچی کی بندرگاہ کے ذریعہ ہی ہوتی ہے، یہاں بڑی تعداد میں کثیر الملکی کمپنیز کے دفاتر اور کارخانے کام کررہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر تجارتی و کاروباری روابط کراچی کے توسط سے ہی قائم ہیں، مالیاتی اداروں اور تمام ملکی و غیر بین الاقوامی بینکوں کے صدر دفاتر بھی کراچی میں موجود ہیں جس کی وجہ سے کراچی کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں واقع چارصنعتی زونز ملک میں زر مبادلہ کمانے کا اولین ذریعہ ہیں، ہماری خواہش ہے کہ کراچی کے صنعتی علاقوں میں سڑکوں کا انفراسٹرکچر بہتر بنایا جائے اور برساتی نالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں جن سے یہ علاقے ترقی کریں اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں، بعدازاں امریکہ کے قونصل جنرل نے کے ایم سی کی تاریخی عمارت کا دورہ کیا، امریکی قونصل جنرل کونسل ہال اور عمارت کے بالائی حصہ میں گھنٹہ گھر دیکھنے بھی گئے اور کے ایم سی بلڈنگ کی چھت سے شہر کا نظارہ بھی کیا، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے امریکہ کے قونصل جنرل کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی طرف سے ان کے دورے کی یادگار کے طور پر شیلڈ اور سندھ کی روایتی اجرک اور ٹوپی بھی پیش کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here