افتخار علی شالوانی نے منگل کے روز ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا چارج سنبھال لیا

0
1318

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ طلعت محمود) افتخار علی شالوانی نے منگل کے روز ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا چارج سنبھال لیا، افتخار علی شالوانی پاکستان ایڈمنسٹریٹوز سروس سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا شمار ملک کے سینئر ترین افسران میں ہوتا ہے، انہوں نے لندن اسکول آف اکنامکس سے اربن پلاننگ اسٹڈیز میں ماسٹرز کیااور 2007 ء سے لے کر 2013 ء تک بیونس آئرس ارجنٹائن میں پاکستان سفارتخانے میں کمرشل قونصلر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں،کمشنر کراچی اور سیکریٹری بلدیات کے عہدوں پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی کے کے ایم سی ہیڈ آفس پہنچنے پر سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا، چارج سنبھالنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مرکزی صدر دفتر میں واقع مختلف محکموں کا دورہ کیا، افسران اور ملازمین سے ملاقات کی، انہوں نے دورے کے دوران ہدایت کی کہ مرکزی دفتر میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے، عمارت کی راہداریوں میں جو ٹوٹا پھوٹا سامان موجود ہے انہیں فوری طور پر ہٹادیا جائے، کے ایم سی کے ٹاور کلاک کو درست کیا جائے کیونکہ یہ عمارت لینڈ مارک کا درجہ رکھتی ہے اور تاریخی اہمیت کی حامل ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم سی کے تمام محکموں کے سربراہوں کے ایک اجلاس کی صدارت کی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن اور تمام محکموں کے سربراہان نے اس اجلاس میں شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور وقت مقررہ پر کام کو پورا کیا جائے، انہوں نے کہا کہ افسران کام کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنی تمام تر توانائیاں بھرپور طریقے سے مفاد عامہ کے کاموں میں صرف کریں، انہوں نے کہا کہ جو مسائل کے ایم سی کو درپیش ہیں ان کے حل کے لئے وہ بھرپور کوشش کریں گے، افسران اپنی اور اپنے محکمے کی کارکردگی کو بہتر کریں، انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ جاتی سربراہان کے ساتھ علیحدہ علیحدہ بھی تفصیلی ملاقات کریں گے تاکہ ان کے محکمے کو درپیش وسائل کو سمجھا جاسکے اور ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ محکمے کی ذمہ داریوں اور دائرہ اختیار سے بھی آگاہی ہوسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے بہتری اور ترقی کے لئے کے ایم سی اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی، انہوں نے کہا کہ جو شہری اپنے مسائل کے حل کے لئے کے ایم سی آتے ہیں افسران ان سے ملاقات کریں اور حتیٰ المقدور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر افسران سے جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بھی دریافت کیا اور انہیں ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ ریونیو سے متعلق تمام محکمے اہداف کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کریں تاکہ کے ایم سی کی ذرائع آمدنی بہتر ہو اور مختلف مدات میں آنے والی آمدنی سے شہریوں کو بہتر سہولتیں پہنچائی جاسکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here