صوبے میں مذہبی رواداری کو پروان چڑھانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے،وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی

0
1550

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں مذہبی رواداری کو پروان چڑھانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے اور ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم ایسے عناصر جو اس ہم آہنگی اور رواداری کی راہ میں رکاوٹ بنے اس کے خلاف بھرپور کارروائی کریں۔ 10 محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر پیش آنے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور حکومت سندھ اس حوالے سے تمام قانونی کارروائی کررہی ہے۔ میں جماعت اہلسنت علماء کرام اور رفقاء کرام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس شہر اور صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کو قائم رکھنے اور کسی قسم کی فرقہ واریت کو پھیلنے سے بچانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ جبکہ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر مولانا شاہ عبدالحق قادری اور حاجی حنیف طیب نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ ملک پاکستان اور بالخصوص شہر کراچی میں مذہبی فسادات کو جنم دیا جائے اور اس حوالے سے یوم عاشور کے موقع پر صحابہ کرام رضوان اللہ کی شان میں جو گستاخی کی گئی ہے، اس کے خلاف نہ صرف بھرپور کارروائی کی جائے بلکہ اس طرح صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرنے والوں پر تاحیات پابندی بھی عائد کی جائے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ جماعت اہلسنت کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری اور سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب کی قیادت میں 20سے زائد رکنی وفد نے وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی اور وزیر اعلیٰ معاون خصوصی راشد ربانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشادسوڈر، جبکہ وفد میں مولانا ابرار احمد رحمانی، ڈاکٹر فرید الدین قادری، ڈاکٹر سید محمد وہاب، مولانا نسیم احمد صدیقی، محمد عاطف حاجی حنیف بلو، سید رفیق شاہ، مولانا محمد راشد رضوی، محمد عمیر ترابی، محمد الطاف قادری اور دیگر علماء کرام شریک تھے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے صوبائی وزیر سعید غنی اور راشد ربانی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم آج علماء اہلسنت و عوام اہلسنت کی جانب سے یوم عاشور کے موقع پر صحابی کرام کی شان میں گستاخی کے خلاف اپنے غم و غصہ کے اظہار کرنے اور اس حوالے سے اپنی یادداشت وزیر اعلیٰ سندھ تک پہنچانے کے لئے مسلسل رابطے میں تھے تاہم شاید وزیر اعلیٰ سندھ کی مصروفیات کے باعث ان سے رابطہ نہیں ہوسکا لیکن ہم آپ دونوں حضرات کے مشکور ہیں کہ آپ نے ہمیں عزت بخشی۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء کی کراچی آمد اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین اورشریک چیئرمین سے ملاقات کے باعث وہاں مصروف ہیں اور انہیں یہ پیغام دے دیا گیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ 24 گھنٹوں میں ان سے آپ تمام کی ملاقات بھی کروادی جائے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ میں مشکور ہوں کہ آپ نے محب وطنی اور اتحاد بین المسلمین کے تحت امن و امان کی قیام میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے اور آج بھی اس کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر جو واقعہ رونما ہوا اس کے فوری بعد اس واقعہ کی نہ صرف ایف آئی آر کا اندراج کردیا گیا بلکہ اس میں ذاکر تقی جعفر اور جس کے نام پر یہ پرمٹ جاری ہوا ہے، اس میں ان کو نامزد کرکے ان کی گرفتاریوں کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد دونوں اشخاص کے خلاف پولیس اور دیگر ادارے ان کی گرفتاری کے لئے کوشاں ہیں جبکہ پرمٹ کی منسوخی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ اس شہر، صوبے یا ملک میں کسی قسم کی کوئی مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دی جائے اور ہم نے اس حوالے سے تمام اقدامات بروئے کار لائے ہیں اور لاتے رہیں گے۔ اس موقع پر جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری نے صوبائی وزیر سعید غنی اور معاون خصوصی راشد ربانی کو تحریری پادداشت پیش کی، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جلو عاشورہ میں صحابہ کرام کی شان میں گستاخانہ تقاریر کا نوٹس لیا جائے۔ صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف خصوصی توجہ دیں کہ فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے واے سرپشندوں کا قلع قمع اسی انداز میں کیا جائے جیسا ماضی میں ردالفساد کے عنران سے مثال قاٗم کی گئی تھی۔ توہین صحابہ کرام کے مرتکبین کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے اور ان کے نام فوری طور پر ECL میں ڈالے جائیں۔ ایف آئی آر میں دفعہ 298-A کو شامل کیا جائے۔ صحابہ کرام اور ازدواج مطہرات کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ ان پر تاحیات خطابات پر پابندی عائد کی جائے۔ سوشل میڈیا پر اسلام دشمن اور ان ذاکرین کے بیانات جو مذہبی فسادات پھیلانے کے باعث بن رہے ہیں سائبر کرائم کے ذریعے ان کے پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی اور معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ راشد حسین ربانی سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں جماعت اہلسنت کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری اور سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب کی قیادت میں 20سے زائد رکنی وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ ارشادسوڈر،مولانا ابرار احمد رحمانی، ڈاکٹر فرید الدین قادری، ڈاکٹر سید محمد وہاب، مولانا نسیم احمد صدیقی، محمد عاطف حاجی حنیف بلو، سید رفیق شاہ، مولانا محمد راشد رضوی، محمد عمیر ترابی، محمد الطاف قادری اور دیگر علماء کرام شریک ہیں۔
جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبدالحق قادری اور دیگر وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کو بادداشت پیش کررہے ہیں۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی اور راشد حسین ربانی کا جماعت اہلسنت پاکستان کے وفد سے ملاقات کے بعد گروپ فوٹو

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here