آئی ٹی بین الاقوامی معیشتوں کا اہم ترین جز ہے،پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی ناگزیر ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
1403

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی تدریس وتحقیق کے ساتھ ساتھ ہینڈزآن ٹریننگ ورکشاپس،سیمینارز اور کانفرنس کے ذریعے بھی طلباوطالبات کی ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کو عصرحاضر کی ضروریات کے مطابق جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ آئی ٹی بین الاقوامی معیشتوں کا اہم ترین جز ہے،پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی ناگزیر ہے۔معاشی اور سماجی ترقی میں بھی آئی ٹی کا اہم کردار ہے،آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی سے معاشرے کو ترقی ملتی ہے اور معیشت بھی مضبوط ہوتی ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے پاس ایسے پلیٹ فارم موجود ہیں جہاں طلباوطالبات کو ماہرین کے زیرنگرانی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کے بھر پور مواقع میسر آرہے ہیں۔جامعہ کراچی روز اول سے معیاری تعلیم دینے کی پالیسی پر عمل پیراہے اور اس سلسلے میں مختلف اداروں اور جامعات کے اشتراک سے طلبہ کے لئے ان کی فیلڈ کے مطابق تواتر کے ساتھ تربیتی سیشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ انہیں عملی زندگی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ہماراسب سے بڑا اثاثہ ہمارے نوجوان ہیں اگر انہیں عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے تویہ طلبہ پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار اداکرنے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ہمارے نوجوانوں میں ذہانت کی کمی نہیں ہے اور مواقع فراہم کرنے کی صورت میں یہ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامسٹک کے زیر اہتمام اور آئی ای ای ای کے اشتراک سے جامعہ کراچی میں منعقدہ چار روزہ ورکشاپ بعنوان: ”انوائرمنٹ ماڈلنگ بیسڈ ریکوائرمنٹس انجینئرنگ ورکشاپ“ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چین کی پیکنگ یونیورسٹی کی پروفیسر ژی جن نے ویڈیولنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائنس کے اثرات ادویات، بجلی،نیوکلیئر توانائی،ہوابازی، کھیل اوردیگر شعبوں میں واضح طور پر نظر آتے ہیں۔سائنس وٹیکنالوجی نے ہماری روزمرہ کی ندگی میں بہت آسانیاں پیدا کردی ہیں۔چین کی پیکنگ یونیورسٹی کی پروفیسرژیوونگ چن نے بھی ورکشاپ سے خطاب کیا اور طلبہ ومقررین کو اپنے تجربات سے روشناس کرایا۔
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹک پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں انفرااسٹرکچر پر بڑی سرمایہ کاری نہیں کی جاتی،ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہماری آبادی کا بڑاحصہ نوجوان اذہان اور خون پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ کامسٹک کا سیمینارز، کانفرنسز اور ورکشاپ میں جامعہ کراچی کے ساتھ تواتر سے اشتراک خوش آئند ہے۔
چیئرآئی ای ای ای کراچی سیکشن کے پروفیسر ڈاکٹر بھوانی شنکر نے ورکشاپ کے انعقاد کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ورکشاپس کا تواتر سے انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ ورکشاپ کا انعقادکامسٹک کے زیر اہتمام اور آئی ای ای ای کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔
جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ڈاکٹر صادق علی خان نے تمام مقررین اور بالخصوص چین کی پیکنگ یونیورسٹی کے پروفیسر ژی جن اور پروفیسرژیوونگ چن کی ویڈیولنک کے ذریعے شرکت پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ورکشاپس کے انعقاد سے ہمارے نوجوان طلبہ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here