ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کے لئے آکسیجن پلانٹ لگایا جائے گا

0
1194

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کے لئے آکسیجن پلانٹ لگایا جائے گا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کے لئے آکسیجن پلانٹ لگایا جائے گا تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں کو آکسیجن کی بلارکاوٹ فراہمی ہوسکے، عباسی شہید اسپتال میں قائم کئے گئے کوویڈ۔19 اسپیشل وارڈ کو مریضوں کے لئے فعال رکھا جائے، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی جانیں زیادہ عزیز ہیں انہیں کورونا ایس او پیز کے مطابق حفاظتی سامان فراہم کیا جائے گا، کے ایم سی کی مالی صورتحال میں بہتری کے لئے افسران مسائل کے ساتھ ان کا حل بھی پیش کریں، آئندہ مالی سال کا بجٹ حقائق پر مبنی ہونا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز اور محکمہ فنانس کے افسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ کے ایم سی کے اسپتال اور دیگر طبی ادارے شہریوں کو طبی سہولیات مہیا کرنے کے لئے قائم کئے گئے ہیں لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام 14 طبی اداروں کو بہتر اور فعال بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اسپتالوں میں ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو تحفظ فراہم ہو اور وہ بلاخطر مریضوں کی خدمت کرسکیں، اسپتالوں میں آکسیجن کی بلارکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز آکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے حوالے سے تجویز پیش کریں تاکہ اس پر غور کرکے جلد از جلد عملدرآمد کیا جائے، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے کے ایم سی کے اسپتالوں اور دیگر طبی اداروں کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور بتایا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں 5579 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف خدمات انجام دے رہا ہے اور اسپتالوں کو آکسیجن کی فراہمی پر ماہانہ 14 لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں، انہوں نے بتایا کہ کے ایم سی کے اسپتالوں میں بڑی تعداد میں مریض آتے ہیں اور انہیں او پی ڈی اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ اسپتالوں کی بہتری سے شہریوں کو فائدہ ہوگا اور خاص طور پر کم آمدنی والے طبقے کے لئے یہ سہولیات نعمت سے کم نہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ گذری میڈیکل سینٹر کو بہتر بنایا جائے جو ایک بڑے علاقے کو طبی سہولیات مہیا کرتا ہے، گذری میڈیکل سینٹر میں جن چیزوں کی فوری ضرورت ہے ان کی فہرست بنا کر دی جائے تاکہ ان کی فراہمی کے لئے انتظامات کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ دیگر اداروں کی ضروریات کا بھی مکمل جائزہ لیا جائے اور تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے، ہمارا مقصد شہریوں کی بہتر سے بہتر خدمت کرنا ہے جس میں طبی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔محکمہ فنانس کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ ادارے کو درپیش مالیات مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے، کسی بھی ادارے کو بہتر بنانے کے لئے مالیاتی استحکام لازمی ہے لہٰذا ریکوریز پر خصوصی توجہ دی جائے، ریکوریز کے معاملے میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے محکمے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ مالیاتی اور انتظامی امور کو شفاف اور بہتر طریقے سے چلایا جائے اور تمام متعلقہ محکموں کے درمیان رابطے کی سہولت ہمہ وقت دستیاب رہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سال بھر کے دوران ہونے والے اخراجات اور آمدنی کا انحصار میزانیے پر ہوتا ہے اس لئے پوری کوشش ہونی چاہئے کہ کے ایم سی کا میزانیہ حقائق پر مبنی ہو اوراس میں صرف درست اور معتبر تجاویز اور اعداد و شمار ہی دکھائے جائیں، انہوں نے کہا کہ بجٹ میں رقوم مختص کرتے وقت شہریوں کی فوری ضروریات کو پیش نظر رکھا جانا چاہئے اور ایسے کاموں کو ترجیح دی جائے جن کے ذریعے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے، انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ مالیات کے افسران دیگر محکموں کے ساتھ مکمل رابطہ اور مشاورت رکھیں اور مالیاتی امور میں بہتری کے لئے جلد از جلد تجاویز پیش کریں تاکہ ادارے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here