یکم مارچ بچوں کے معروف ادیب علی حسن ساجد کی سالگرہ ہے

0
2166

آج بچوں کے معروف ادیب علی حسن ساجد کی سالگرہ ہے
علی حسن ساجد کراچی شہر کی معروف علمی، ادبی اور سماجی شخصیت ہیں، آپ یکم مارچ 1965ء پیدا ہوئے، بی اے اور بی ایڈ کے امتحانات فرسٹ ڈویژن سے پاس کئے اور کراچی یونیورسٹی سے صحافت میں ماسٹر کیا، آج کل کراچی یونیورسٹی سے ہی ماس کمیونیکیشن میں پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔انتہائی فعال، متحرک اور پرکشش شخصیت ہیں، روزگار کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی سے بحیثیت ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ و تعلقات عامہ کی حیثیت سے وابستہ ہیں۔ آپ گزشتہ 35 سالوں سے بچوں کے ادب سے وابستہ ہیں اور مختلف اخبارات و رسائل میں ان کے لاتعداد مضامین، کہانیاں، ناول اور ڈرامے شائع ہوچکے ہیں، عقلمند لڑکا، مانو باجی، شکاری، سونے کا انڈا دینے والی مرغی، بڑھتے چلو، چھوٹے میاں کی عدالت، بورڈنگ ہاؤس اور بچوں کے لئے پیاری پیاری نظمیں، ان کی بچوں کے لئے شائع ہونے والی کتابیں ہیں، ان کی پانچ کتابوں کو نیشنل بک فاؤنڈیشن وزرات تعلیم حکومت پاکستان کی جانب سے کیش ایوارڈ اور سند امتیاز عطا کی جاچکی ہے، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارے دعوۃ اکیڈمی اسلام آباد کے زیر اہتمام اورینٹ ادبی ایوارڈ 2005 ء کے کل پاکستان مقابلے میں ان کے بچوں کے لئے لکھے ہوئے ڈراموں پر مرزا ادیب ایوارڈ دیا گیا، 1986ء میں نوجوان قلم کاروں کی تخلیق پر مشتمل ضخیم کتاب نئے چراغ نئی روشنی شائع ہو کر دستاویزی حیثیت اختیار کرچکی ہے، اس کتاب کی مقبولیت کے پیش نظر دوسرا ایڈیشن بھی شائع کیا گیا۔ علی حسن ساجد کراچی سے شائع ہونے والے اخبارات و رسائل سے بھی منسلک رہے، بحیثیت ایڈیٹر کراچی آبزرور، ایڈیٹر انچیف ماہ نامہ ہلال کراچی، ایڈیٹر اعزازی ماہ نامہ کھیل کھیل میں، ایڈیٹر ماہ نامہ چائلڈ اسٹار، ایڈیٹر ماہ نامہ لوٹ پوٹ اور دیگر شامل ہیں، 2006ء سے بچوں کے لئے ماہ نامہ جنگل منگل شائع کر رہے ہیں اس ماہ نامے نے رسائل کی دنیا میں نئے تجربات کئے اور بچوں میں مقبول ہوا۔ کراچی کے مصروف اشاعتی ادارے الحسن اکیڈمی کے اعزازی چیئرمین ہیں اس ادارے نے اب تک 200 سے زائد کتابیں شائع کی ہیں جن میں زیادہ تر کتابیں بچوں کے لئے ہیں ان کتابوں کے قلم کاروں میں نئے لکھنے والے ادیب اور شاعر شامل ہیں یہی کتابیں ان ادبیوں اور شاعروں کی پہچان کا ذریعہ بھی بنی ہیں، ان کی کوششوں اور مسلسل محنت کے باعث سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بچوں کے ادب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہر سال بچوں کے پانچ ادیبوں اور شاعروں کو ایک ایک لاکھ روپے کیش ایوارڈ اور سند امتیاز دینے کا آغاز کیااور 2005ء میں بچوں کے ادیبوں مسعود احمد برکاتی، ابن حسن نگار، تنویر پھول، ضیاء الحسن ضیاء اور یاسمین حفیظ کو یہ کیش ایوارڈ دیئے گئے، 2005 ء میں بچوں اور بچوں کے قلم کاروں کی فلاح وبہبود، تعلیم و تربیت اور صحت و مسرت کے لئے چائلڈرن فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تو آپ کو متفقہ طور پر اس کا صدر منتخب کیا گیا۔ چلڈرن فاؤنڈیشن نے کراچی کی تاریخی عمارتوں اور تفریحی مقامات کے سیر کے پروگرام آؤ گھومے اپنا شہر کراچی شروع کیا، بچوں کے عالمی اور قومی دنوں پر تقریبات کا آغاز کیا، بچوں کے موجودہ ادیبوں اور شاعروں کی سالگرہ منانے کی روایت ڈالی جبکہ مرحوم ادیبوں اور شاعروں کی برسی کے موقع پر تقریبات کا آغاز کیا گیا، کراچی میں چلڈرن کمپلیکس کا قیام، گھر سے بھاگے ہوئے بچوں کے لئے شیلٹر رومز اور چلڈرن لائبریری کے قیام کے لئے جدوجہد جاری ہے،آپ کی ایک پہچان نیوز اینکر اور کمپیئر کی بھی ہے،1989ء سے بحیثیت نیوز کاسٹر ٹیلیویژن سے وابستہ ہیں اور ریڈیو پاکستان کراچی سے لاتعداد پروگرام پیش کرچکے ہیں، علی حسن ساجد کو ان کی خدمات میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اور دیگر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی جانب سے قائد اعظم ایوارڈ،ایس ایس او گولڈ میڈل، یوبی ایل سلور جوبلی شیٹ، فلم فیئر ایوارڈ، سنگم ایوارڈ، ٹیلنٹ ایوارڈ، مرزا ادیب ایوارڈ سمیت ڈیڑھ سو زائد انعامات اور ایوارڈز مل چکے ہیں، حال ہی میں ان کی کارکردگی کے اعتراف میں امریکہ کے ادارے اے بی آئی نے دنیا کی معروف شخصیات کی ڈائریکٹری کے آٹھویں ایڈیشن کی اشاعت کے لئے اور ہو از ہو نے پاکستان سے ان کا نام منتخب کیا ہے جو ایک منفرد اعزاز ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here