بین الاقوامی مرکزجامعہ کراچی میں پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کی یاد میں مشاعرہ

0
2536

مشاعرہ پروفیسر پیرزادہ قاسم کی زیرِصدارت ہوا، پروفیسر اقبال چوہدری نے افتتاحی کلمات ادا کیے
سحر انصاری، انور شعور، فراست رضوی، نسیم نازش،خالد معین سمیت دیگرمعروف شعراء و شاعرات کی شرکت
کراچی:۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی کے زیراہتمام جمعرات کو سابق شیخ الجامعہ کراچی اور معروف شاعر پروفیسرڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کی زیرصدارت ممتاز سائنسدان پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کی یاد میں سالانہ محفلِ سخن بعنوان ”قلم برائے سائینس“ کا انعقاد ہوا، اس مشاعرے میں معروف شاعر پروفیسر سحر انصاری مہمانِ خصوصی جبکہ انور شعور اور فراست رضوی مہمانانِ اعزازی تھے۔ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مشاعرے سے قبل افتتاحی کلمات ادا کیے جبکہ جعفر عسکری جعفر نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ مشاعرے میں ملک کے معروف شعرا و شاعرات بشمول محترمہ نسیم نازش،جناب خالد معین، جناب راشد نور، جناب پروفیسر فیاض وید،جناب نعمان جعفری،جناب حیدر حسنین جلیسی، جناب پروفیسر شکیل فاروقی، محترمہ عنبرین حسیب عنبر، جناب عبدالحکیم ناصف، جناب کاشف حسین غائر، جناب توقیر تقی، جناب ظہیر عباس، محترمہ مہ جبین غزل انصاری،جناب سیمان نوید اور جناب ظفر معین بلّے نے اپنے کلام پیش کیے۔ پروفیسرڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پروفیسر سلیم الزماں صدیقی ایک کثیرالجہت شخصیت کے حامل تھے وہ بہ ایک وقت ایک معتبر سائنسدان، باصلاحیت مصور، مستند شاعر، نقاد، فلسفی، مفکرِ تعلیم اور سائنسی مفکر بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز کی یہ سالانہ ادبی سرگرمی نہ صرف جامعہ کراچی کے سب سے بڑے مشاعرے میں تبدیل ہوچکی ہے بلکہ کراچی کے سب سے منظم مشاعرہ بن چکی ہے، انہوں نے کامیاب محفل کے انعقاد پر پروفیسر اقبال چوہدری کی خدمات کو سراہا۔
پروفیسر سحر انصاری نے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی مرحوم کے فارسی اشعارپڑھتے ہوئے کہا کہ پروفیسر سلیم الزماں صدیقی ایک نابغہئ روزگار شخصیت تھے، یہ کامیاب مشاعرہ پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کی علمی اور دانشورانہ میراث کی ترجمانی کررہا ہے، جنہوں نے ساٹھ کے عشرے کے آخر میں جامعہ کراچی میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی بنیاد رکھی، انہوں نے کہا شہر کے تمام تعلیمی کواپنے اداروں میں بین الاقوامی مرکز کی طرز پر کم از کم سال میں ایک ادمی سرگرمی کی بنیاد رکھی چاہیے۔
پروفیسر اقبال چوہدری نے افتتاحی کلمات میں کہا دنیا میں مہذب اقوام ہی شعر و ادب کو فوقیت دیتی ہیں، انھوں نے کہا پاکستان میں بین الاقوامی مرکز سب سے جدا سائنسی ادارہ ہے جہاں طالب علموں کو طبعی علوم کے علاوہ سماجی علوم سے بھی واقفیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، انھوں نے نوجوان سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ پروفیسر سلیم الزماں صدیقی کی علمی راہ کو اختیار کریں کہ وہ کئی علوم میں اپنی مثال آپ تھے، پاکستان کے لئے اس عظیم سائنسدان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here