جامعہ کراچی: شعبہ تصنیف وتالیف وترجمہ کی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح

0
5063

*سائنس و ٹیکنالوجی عصر حاضر کی ایک بڑی حقیقت ہے، جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں، تعلیم و تحقیق اور سائنس وٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دے کر ہی انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر اجمل خان*

جامعہ کراچی کے شعبہ تصنیف وتالیف وترجمہ کی آفیشل ویب سائٹ کا باضابطہ افتتاح گذشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹ میں بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل کیا گیا ۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی عصر حاضر کی ایک بڑی حقیقت ہے، جس کے بغیر ترقی ممکن نہیں، تعلیم و تحقیق اور سائنس وٹیکنالوجی پر بھرپور توجہ دے کر ہی انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔مسلم ممالک سائنس کی ترقی میں مغرب سے بہت پیچھے ہیں، حالانکہ عصر حاضر کی جدید سائنس کی بنیاد صدیوں پہلے مسلمان سائنس دانوں نے اپنی تحقیق اور ایجادات کے ذریعے رکھی تھی۔انہوں کہا کہ یہ بات کافی خوش آئند ہے کہ ڈاکٹر ندیم محمود جنہوں نے چھ ماہ قبل شعبہ ہذا کے ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی اور اس قلیل عرصے میں نہ صرف تمام پبلیکشن کی فہرست کیٹیگری کے حساب سے مرتب کی بلکہ آج ان سے متعلق تمام معلومات کو بھی آن لائن کردیا گیا ۔مذکورہ سہولت سے نہ صرف کراچی بلکہ پوری دنیا میں موجود پاکستانی اور دیگر لوگ اس سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے شعبہ تصنیف وتالیف وترجمہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم محمود نے کہا کہ شعبے کے تحت پہلی دفعہ آن لائن ویب سسٹم کا آغاز کیا جارہاہے یہ پیش رفت شعبہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔اس آن لائن نظام کے ذریعے سے شعبے کی کوئی بھی کتاب محض ایک پیغام کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہے۔اس سے قبل شعبے کی کتب کے حصول کے لئے ہمارے قارئین کو جومشکلات درپیش تھیں اس آن لائن نظام کے بعد ان کو مکمل طور پر حل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ ہذا کو ملک کی جامعات میں پہلاتحقیقی اور علمی ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔1957 ءمیں شعبہ تصنیف وتالیف وترجمہ کا قیام عمل میں آیا اور میجر آفتاب حسن اس کے پہلے ناظم مقررہوئے ۔1988 ءمیں شعبے کا اپنا مطبع (پریس) قائم کیا گیا ۔طباعت کے عمل کو بہتربنانے کے لئے شعبے نے جدید ترین طباعتی مشینیں حاصل کیں جس کے بعد نہ صرف جامعہ کراچی کے تمام طباعتی امور مطبع میں انجام دیئے جاتے ہیں بلکہ جامعہ سے باہر دیگر اداروں اور جامعات کو بھی طباعت کی معیاری سہولت انتہائی کم لاگت پر فراہم کی جاتی ہیں ۔اپنے قیام سے لے کر اب تک شعبے کے تحت سینکڑوں درسی،غیردرسی ،علمی ،تحقیقی کتب،رسائل وجرائد شائع کئے جاچکے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here