صدر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن وممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر محمد حسان اوج کی ڈائریکٹر فائنانس کے نامناسب رویے کی مذمت

0
371

صدر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن وممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر محمد حسان اوج کی ڈائریکٹر فائنانس کے نامناسب رویے کی مذمت
وزیراعلیٰ سندھ اور سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے ڈائریکٹر فائنانس کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کی درخواست
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) صدر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن وممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی ڈاکٹر محمد حسان اوج نے ملازمین جامعہ کے ساتھ ڈائریکٹر فائنانس کے نامناسب رویے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس طرح بلاجواز ملازمین کے جائزکاموں جس میں پے فکسیشن سرفہرست ہے پر قدغن لگارہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سنڈیکیٹ کی واضح قراردادوں کے باوجود ملازمین کی پے فکسیشن اورانسنٹیو اسکیم کے تحت اگلے گریڈ میں جانے کے لئے بجٹڈ پوزیشن کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن اس کے باوجود اس طرح کے اعتراضات لگاکر ملازمین جامعہ کے کام روکنا اور تعطل کا شکار کرنا ملازمین جامعہ سے ذاتی طور پر بغض رکھنے کے مترادف ہے۔
ڈاکٹر حسان اوج نے سیکریٹری یونیورسٹیر اینڈ بورڈز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کے افسران اور گریڈ ایک تاسولہ کے ملازمین اب کسی بھی صورت ڈائریکٹر فائنانس طارق کلیم کے ساتھ مزید کام کرنے کو تیار نہیں اور اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے کیونکہ ڈائریکٹر فائنانس نے 2019 ء سے ملازمین کی پے فکسیشن کے عمل کو روک رکھا ہے اور اس دوران متعددملازمین اپنی پے فکسیشن کی خواہش لئے ریٹائرہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر حسان اوج نے مزید کہا کہ میری وزیراعلیٰ سندھ اور سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے درخواست ہے کہ وہ ڈائریکٹر فائنانس طارق کلیم جس کے عہدے کی تین سالہ مدت 06 اکتو بر2022 ء کو ختم ہورہی ہے میں مزید توسیع نہ کریں کیونکہ ملازمین جامعہ کے ساتھ جورویہ انہوں نے روارکھاہواہے وہ ناقابل برداشت ہے،اس کے ساتھ ساتھ میری شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار اداکریں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر فائنانس کے نامناسب رویے اور ملازمین جامعہ کو بلاجواز پریشان کرنے کے حوالے سے آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور گریڈ ایک تاسولہ کے تمام ملازمین گروپس کا اجلاس جمعرات 06 اکتوبر 2022 ء کو ہوگا جس پر آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے گفت وشنید ہوگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here