قومیں اپنے اساتذہ کی تکریم کی بدولت عروج حاصل کرتی ہیں،لیکن بدقسمتی سے ہمارامعاشرہ ان کو وہ حق دینے سے قاصر نظر آتاہے جس کے وہ حق دار ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی

0
604

قومیں اپنے اساتذہ کی تکریم کی بدولت عروج حاصل کرتی ہیں،لیکن بدقسمتی سے ہمارامعاشرہ ان کو وہ حق دینے سے قاصر نظر آتاہے جس کے وہ حق دار ہیں۔ڈاکٹر خالد عراقی
سندھ حکومت نے جامعہ کراچی کو سالانہ ملنے والی گرانٹ 613 ملین سے بڑھاکر 823 ملین کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی
کراچی:(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ قومیں اپنے اساتذہ کی تکریم کی بدولت عروج حاصل کرتی ہیں،قوموں کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کاکردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے،تعمیر انسانیت،علمی ارتقاء، معاشرتی ترقی اورسماجی مسائل کے حل میں استاد کے کردار سے انکار ممکن نہیں۔لیکن بدقسمتی ے ہمارے معاشرے میں اساتذہ کو وہ مقام نہیں دیا جاتاجس کے وہ حق دار ہیں۔جامعہ کراچی کے اساتذہ محدود وسائل کے ساتھ گراں قدرخدمات انجام دے رہے ہیں جو لائق تحسین ہے۔جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے ہم سب کو مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کسی ایک فرد کی جامعہ نہیں ہے بلکہ یہ ہم سب کی جامعہ ہے اور اس سے ہماری نوجوان نسل کا مستقبل وابستہ ہے۔،تحقیق علم کی بنیاد ہے، کوئی بھی قوم تحقیق کے میدان میں ترقی کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی اور تحقیق کے لئے وسائل کی فراہمی ضروری کیونکہ وسائل کے بغیر تحقیق ممکن نہیں۔ڈینز ریسرچ گرانٹس ادائیگی کے حتمی مراحل میں ہے اور بہت جلد ڈینزریسرچ گرانٹ جاری کری جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام اسٹاف کلب جامعہ کراچی کے سبزہ زارپر منعقدہ سالانہ عشا ئیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزیدکہا کہ حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً تنخواہوں،پینشنزاور دیگر الاؤنسز میں اضافے کے اعلانات کردیئے جاتے ہیں لیکن کی اس مناسبت سے گرانٹ کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جاتا جس کی وجہ سے جامعات کو مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑتاہے۔مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ سند ھ حکومت کی جانب سے جامعہ کراچی کو ملنے والی 613 ملین کی گرانٹ کو امسال سے 823 ملین کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس پرمیں سندھ حکومت اور بالخصوص وزیر اعلیٰ سندھ کا بیحد مشکورہوں کہ جنہوں نے جامعہ کراچی میں ہونے والی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں اور انرولمنٹ کی تعداد کو مد نظررکھتے ہوئے گرانٹ میں اضافہ کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ جامعہ کراچی کے ملازمین کو رہائشی اسکیم کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری نے زمین دینے کی منظوری دیتے ہوئے اس پر کاروائی کے لئے متعلقہ شعبہ کو دستاویزات ارسال کردیئے ہیں جس پر میں وزیر اعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ کا بیحد مشکورہوں۔
انہوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تضادات کو قبول نہیں کرتے،اگر ہم تضادات کو قبول کریں تو نظر آئے گا کہ جو معاشرے تضادات کو قبول کرتے ہیں وہ ترقی کرتے ہیں۔میری تمام اساتذہ سے درخواست ہے کہ وہ برداشت کے کلچر کوفروغ دیں،اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کی رائے سنیں اوراس کا احترام کریں۔
ڈاکٹرخالد عراقی نے پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کومسلم دنیا کا سب سے بڑا سائنس اور ٹیکنالوجی کا اعزاز ”مصطفی ؐ پرائزبرائے2021“ حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کے سب سے بہترین سائنسدان کا اعزازحاصل کرنا پورے ملک اور قوم کے لئے اعزاز کی بات ہے۔
اس موقع پر صدر انجمن اساتذہ جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے انجمن اساتذہ کی سالانہ کاکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کروناوائر س کی درپیش صورتحال کے تناظر میں یہ سال ایک مشکل ترین سال رہاہے لیکن اس کے باوجود بلاتفریق تمام اساتذہ کرام کی خدمت کی ہے جس پر پوری انجمن اساتذہ قابل مبارکباد ہیں۔کوووڈ19 کی وجہ سے درپیش غیر معمولی حالات کے باوجود اساتذہ کے مسائل کے حل کے لئے انجمن اساتذہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
اس موقع پر جن اساتذہ نے 2021 ء میں پی ایچ ڈی مکمل کرلیا، سبکدوش ہونے والے اساتذہ اورنووارد اساتذہ کوشیلڈز بھی پیش کی گئیں۔تقریب میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر محسن علی نے انجام دیئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here