رمیز راجہ بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں۔ میر عمران گچکی

0
805
سجاس کے صدر آصف خان سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئر بلوچستان میر عمران گچکی کو یادگاری شیلڈ پیش کررہے ہیں اس موقع پر سیکریٹری سجاس اصغر عظیم اور عبید الرحمن اعوان بھی موجود ہیں

رمیز راجہ بلوچستان کے ساتھ ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں۔ میر عمران گچکی
ناانصافیوں کے باعث حبیب بلوچ سمیت متعدد باصلاحیت کھلاڑی گمنام ہوچکے ہیں، سیکریٹری اسپورٹس بلوچستان
فورسز کی قربانیوں کے باعث کوئٹہ امن کا گہوارہ بن چکا ہے، اب اسے کھیلوں کا مرکز بنانا چاہتے ہیں، میر عمران گچکی
سندھ میں کھیلوں کے فروغ اور برادری کی خدمت کے لئے سجاس کا کردار سب کے لئے ایک مثال ہے، میر عمران گچکی
کراچی:( اسپورٹس رپورٹر) اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن سندھ ( سجاس ) کے ایک وفد نے صدر آصف خان کی قیادت میں بلوچستان کے سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز میر عمران گچکی سے ملاقات کی۔ کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات میں بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس درا بلوچ، اسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس آصف لانگہ اور آل پاکستان سی ایم بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد شاہ ڈوٹھانی بھی موجود تھے، سجاس کا وفد صدر آصف خان، سیکریٹری اصغر عظیم، مجلس عاملہ کے ارکان عبید الرحمٰن اور جعفر حسین پر مشتمل تھا، ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز میر عمران گچکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے جس کے باعث حبیب بلوچ جیسے فاسٹ بولر سمیت متعدد کرکٹرز گمنام ہوچکے ہیں، اس وقت جاری نیشنل ٹی ٹوئینٹی کپ میں بلوچستان کے صرف تین کھلاڑیوں کا شامل ہونا ناانصافیوں کا تسلسل ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین سابق ٹیسٹ کپتان رمیز راجا سے امید ہے کہ وہ ماضی میں ہونے والی نا انصافیوں کا ازالہ کریں گے، انہوں نے رمیز راجہ کو ولڈ کپ 92 کے بعد فاتح ٹیم کے ساتھ دورہ کوئٹہ کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ جانتے ہیں کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، یقین ہے کہ اب وہ صلاحیت کی بنیاد پر بلوچستان کے کھلاڑیوں کو موقع دیں گے، پاک فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی بے پناھ قربانیوں کے صدقے بلوچستان امن کا گہوارہ بن چکا ہے اب اسے کھیلوں کا مرکز بنانے کی خواہش ہے، گزشتہ دو سال کے دوران ہاکی، فٹبال سمیت متعدد انڈور آؤٹ ٹورنامنٹس مختلف کھیلوں کی چیمپئن شپ کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اس موقع پر سجاس کے صدر آصف خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان میں کرکٹ سمیت متعدد کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منعقد ہوچکے پیں، سجاس سمیت اسپورٹس جرنلزم سے وابستہ ہر صحافی کی خواہش ہے کہ بلوچستان کے ایتھلیٹس بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں اس مقصد کے لئے بلوچستان حکومت کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سیکریٹری اصغر عظیم نے میر عمران گچکی کو سجاس کی کارکردگی اور مقاصد سے اگاہ کیا، سیکریٹری اسپورٹس بلوچستان نے سجاس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سجاس کی کارکردگی اور برادری کی خدمت کا انداز سب کے لئے ایک مثال ہے، ملاقات کے موقع پر سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز بلوچستان عمران گچکی، ڈی جی اسپورٹس درا بلوچ اور محمد شاھ ڈوٹھانی کو سجاس کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور سندھ کی ثقافت اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا،

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here